• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری رائے ہے PSLکے ملتوی میچز ہونے چاہئیں، مصباح الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میری رائے میں پاکستان سپر لیگ کے ملتوی شدہ میچز ہونے چاہئیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے وڈیو پریس کانفرنس کے دوران  پاکستان سپر لیگ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار بڑا شاندار رہا ہے، پی ایس ایل فائیو بالروں کے لیے ٹف رہی ہے بیٹسمینوں کو ان پچز پر آسانی رہی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کا دلبر حسین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا اچھا بالر بن سکتا ہے، دلبر حسین نے بہت متاثر کیا جبکہ شرجیل خان کے فٹنس سے خوش نہیں ہوں فٹنس آپ کے ہاتھ میں ہے ۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ایک میچ جیتنے سے اسلام آباد یونائیٹڈ آگے جا سکتی تھی، نہیں جاسکے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اچھا کوچ نہیں رہا، کسی کو بھی کچھ کہنے کا حق حاصل ہے اس سے فرق نہیں پڑتا پازیٹو چیزوں سے سیکھنے کے کوشش کرتا ہوں ۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس نہیں ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کیوں کی، اسلام آباد یونائیٹڈ آخری لمحات تک ٹاپ فور میں شامل رہی تمام ٹیمیں یکساں تھیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی کچھ حالات ہمارے حق میں نہیں تھے ۔

مصباح الحق نے ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ  آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے میچز مکمل ہونے چاہیے، سب ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد ہی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین کا فیصلہ ہونا چا ہیے۔

مصباح الحق نے کورونا وائرس کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں سب کے لیے دعائیں ہیں کہ جلد زندگی نارمل ہو ، ہم نے خود کیسے حفاظت کرنا ہے اور دوسروں کی کیسے کرنا ہے آج کل یہ بہت اہم ہے ، ہماری زمہ داری ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کرکٹ کو ہی نہیں کورونا وائرس سے پوری زندگی کو نقصان ہوا ہے اور دنیا متاثر ہوئی ہے، اس وقت کھیل سے بڑھ انسانی جانیں ہیں ہمیں اس سے لڑنا ہے کہ انسانی جانیں کیسے بچاناہے ۔

مصباء الحق کا کہنا تھا کہ میں لکی ہوں کہ مجھے گھر بھی ٹریننگ کی سہولت حاصل ہے ، ہمیں اس وقت ہوم ورک کرنا ہے کہ آگے کیسے کھیلنا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے موجودہ صورت حال سے نکل کر آگے مستقبل کے لیے سوچنا ہے اور جب سے زمہ داریاں سنبھالی ہیں یہی فوکس رہا کہ مستقبل کے لیے درست سمت میں کیسے بڑھنا ہے، مجھے خوشی ہے کہ ہم اپنے فیصلوں کی بدولت درست سمت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کرکٹ میں بہت گیپ ہے اور اس صورت حال میں خود کو فٹ رکھنا ہے، سب سے ان ٹچ رہ رہے ہیں تاکہ اس مشکل وقت میں بھی خود کو آنے والے وقت کے لیے تیار رکھیں اور ہمیں آگے بڑھنا ہےاور محدود سہولیات میں رہتے ہوئے فٹ رہنا ہے جوکہ مشکل ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ زندگی اب ایسی ہے اور اسی کے مطابق ہم نے پلان بنانے ہیں جبکہ کرکٹ کو مس کرنا فطری بات ہے لیکن اس کے علاوہ چارہ نہیں ہے اور صورت حال کنٹرول میں نہیں ہے، جب کنٹرول میں حالات ہوں گے تو کھیل کے حوالے سے فیصلے ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی گھروں میں میچز کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں اور خود کو فٹ رکھ رہے ہیں ، لاک ڈاؤ ن کی وجہ سے کچھ کھلاڑی ٹریننگ کے لیے سامان اکٹھا نہیں کر سکے۔

انہوں نے کورونا سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سب کو مل کر انسانیت کے لیے کام کرنا ہے، میرے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ اپنے کاموں کا اعلان کیا جائے سب کو اپنے اپنے انداز سے کام کر نا ہے ۔

مصباء الحق نے کہا کہ ہماری یہ سوچ نہیں ہے کہ تینوں فارمیٹ کے لیے ایک ہی وکٹ کیپر رکھنا ہے ۔

تازہ ترین