• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدین میں پھنسے دولہا دلہن10 روز بعد بورےوالا پہنچ گئے

سندھ کے ضلع بدین میں دس روز تک پھنسی بارات متعلقہ سرکاری ادارے کی مدد سے پنجاب کے شہر بورے والا پہنچنے میں کامیاب ہوگئی جہاں اسکریننگ کے بعد دولہاؤں، دلہنوں اور باراتیوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور تحصیل میں قرنطینہ کے انچارج شاہد اقبال کے مطابق بورے والا کے نواحی گاوں 313 ای بی کے رہائشی محمد رمضان کے دو بیٹوں کی بارات 12 روز قبل سندھ کے شہر بدین گئی تھی۔

اس دوران کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی تو سندھ میں لاک ڈاؤن شروع کردیا۔ سرکاری طور پر آمدورفت محدود کئے جانے کی وجہ سے بارات واپس روانہ نہ ہوسکی۔

دونوں دولہا، دلہنیں اور باراتی لگ بھگ دس دن تک بدین میں ہی پھنسے ہوئے تھے۔ متاثرہ افراد نے سندھ میں متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطہ کیا جس پر ان کی واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔ شاہد اقبال کے مطابق متاثرہ افراد کو ادارے کی زیر نگرانی بدین سے بورے والا پہنچادیا گیا۔

تمام افراد کو گورنمنٹ ڈگری کالج بورے والا کے ہاسٹل میں رکھا گیا تھا جہاں دونوں دولہا، دلہنوں اور تمام باراتیوں کی کورونا وائرس کی اسکرینگ کی گئی جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

اسکرینگ کئے گئے افراد کی تعداد 40 بتائی گئی ہے۔ جن میں 6 بچے 16 خواتین اور 18 مرد شامل ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں کو ہی قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

شاہد اقبال کے مطابق واپس آنے والے باراتی محکمہ صحت کی مانیٹرنگ میں رہیں گے۔

تازہ ترین