• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹیم کو ٹی 20 کیلئے بہترین وکٹ کیپر کی تلاش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز احمد اور محمد رضوان کے درمیان پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم میں سخت مقابلہ ہے۔ مجھے مایوسی ہوئی ہے کہ رضوان کو پی ایس ایل میں نہیں کھلایا گیا۔ وہ چوتھے نمبر پر آسٹریلیا کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرچکا ہے۔ منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرفراز اور رضوان میں سخت مقابلہ ہے جب سلیکٹر بیٹھیں گے تو پتہ چلے گا کہ کسے موقع ملتا ہے۔کامران اکمل کے کم بیک کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کا کرکٹ کے علاوہ کوئی اور ایشو نہیں ہے۔ کامران کی کارکردگی بہت زیادہ ہے ہم اس کے نام پر ہر بار بات کرتے ہیں۔کامران اکمل کو اپنی فٹنس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔کارکردگی کے ساتھ ساتھ انٹر نیشنل لیول کے لئے انہیں اپنی فٹنس اور وکٹ کیپنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ٹی20 وکٹ کیپر کے لئے ہمیں بہترین امیدوار کی تلاش ہے لیکن کامران اکمل کو انٹر نیشنل کرکٹ کے حساب سے فٹ ہوکر اور بہتر وکٹ کیپر بن کر ٹیم میں جگہ بنانا ہوگی اس کا کیر یئر ختم نہیں ہوا ہے۔ رضوان کے علاوہ سرفراز ، کامران اور ذیشان اشرف امیدوار ہیں۔ عمر اکمل کے بارے میں مصباح الحق نے کہا کہ عمر اکمل کو اپنے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کرنا ہے۔ ابھی بھی اس کی عمر زیادہ نہیں ہے۔ جو ہوگیا وہ ہوگیا اسے سپر فٹ ہوکر ٹیم میں آنا ہے۔ ڈسپلن اور فٹنس کھلاڑی کے اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ عمر اکمل کو کمٹمنٹ دکھانا ہوگی۔

تازہ ترین