• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو کورونا وائرس اور بھوک سے بچانا ہے، وزیر اعظم

اپوزیشن لیڈر اپنے گریبان میں جھانکیں، فردوس


اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ ایک طرف عوام کو کورونا وائرس وباءسے بچانا اور دوسری جانب عوام کو بھوک‘ افلاس اور بے روزگاری سے بھی محفوظ رکھنا ہے‘ملک میں آٹے سمیت اشیاء خوردونوش کی قلت نہیں ہونی چاہیے اور قیمتوں پر بھی نظر رکھی جائے ‘بنیادی ضرورت کی اشیاءکی فراہمی پر کسی قسم کی قدغن نہیں آنی چاہئے ۔

وفاقی کابینہ نے قومی رابطہ کمیٹی کے فوڈ سپلائی کے لئے گڈز ٹرانسپورٹ کھولنے کے فیصلے پر سندھ حکومت کی جانب سے عملدرآمد نہ کرنے پر عدم اطمینان وناراضی کا اظہار کیا اور رینجرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

 عمران خان نے کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی تذلیل اور بدسلوکی کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایات دیں کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آیا جائے ‘ وفاقی کابینہ نے 1200 ارب کے معاشی ریلیف پیکج اور 700 بلین کا ہدف حاصل کرنے کےلئے سکوک بانڈ کے اجراءکی منظوری دیدی‘معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وتخفیف غربت ثانیہ نشترنے اجلاس کو بتایاکہ 150ارب روپے ۔

 ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے پہنچائے جارہے ہیں جبکہ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق نے کہا کہ اپوزیشن لیڈراپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنے اثاثوں کا کچھ حصہ وزیراعظم ریلیف فنڈمیں جمع کرائیں ‘کابینہ نے ریلوے‘ پی آئی اے‘ ایف بی آر اورقومی خزانے پر بوجھ بننے والے اداروں کو اصلاحات کے ذریعے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے‘ ای گورننس پر عملدرآمد کو مزید موثر بنانے کی ہدایت دی۔

کابینہ نے اپوزیشن لیڈر کی تنقید اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے‘ اگر اپوزیشن لیڈر بہتری چاہتے ہیں تو بغض‘ عناد کی عینک اتار کر مزید موثر بہتر اقدامات کےلئے تجاویز دیں۔ 

منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وفاقی کابینہ کو معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفر مرزا اور ڈاکٹرفیصل نے کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ 1865 کیسز ہیں ان میں سے 49 فیصد افراد ایران سے جبکہ 18 فیصد دیگر ممالک (عمرہ ‘ یورپ یا دیگر ممالک) سے آئے۔

33فیصد کورونا وائرس کے مقامی منتقلی کے کیسز ہیں‘ اب تک کورونا وائرس پازیٹو کے 98افراد صحت یاب‘ 25 اموات‘ 12 کورونا وائرس مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ 58 کو قرنطینہ سے گھر بھجوایا گیا ہے۔

تازہ ترین