• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ سی بی ایز کا میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر اظہار تعزیت

کراچی / لاہور (اسٹاف رپورٹر / نمائندہ جنگ) جنگ ورکرز یونینز (سی بی ایز)نے جنگ گروپ کے چیئرمین اور پبلشر میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ 

کراچی میں آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا اور جنگ سی بی ایز کے رہنمائوں دارا ظفر، سعید محی الدین پاشا اور رانا محمد یوسف نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن سے ان کے بھائی اور چیئرمین جنگ گروپ میر جاوید رحمن کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ 

میر شکیل الرحمن اور میر ابراہیم الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران یونین کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ میرجاوید الرحمن کے انتقال سے ادارہ ایک عظیم باپ اور سربراہ سے محروم ہوگیا ۔ اللّٰہ آپ اور فیملی کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔ 

لاہور میں جنگ ورکرز یونین کا ہنگامی تعزیتی اجلاس ہوا جس کی صدارت حاجی محمد ابراہیم اور جنرل سیکرٹری محمد فاروق نے کی جس میں جنگ گروپ کے پبلشرز میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و الم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر محمد ارشد، نائب صدر عظیم مغل، جوائنٹ سیکرٹری محمد افسر خان ہزاروی، فنانس سیکرٹری ارشد منیر خان، آفس سیکرٹری محمد نعیم ، ندیم اسحاق بٹ ،طاہر جیلانی، خرم کیانی ، طارق محمود، ارشد محمود اور دیگر ساتھیوں نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی جس میں میر جاوید رحمٰن کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مزید کہا گیا کہ میر جاوید رحمٰن ایک بہادر، نڈر ، کھرے اور سچے انسان تھے ان کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ 

آخر میں یونین کے تمام عہدیداران نے میر شکیل الرحمٰن اور ان کی فیملی سے اظہار تعزیت کی اور دعاکی اللّٰہ تعالیٰ مرحوم میر جاوید رحمٰن کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو اس صدمے کو برداشت کرنے کیلئے صبر و ا ستقامت عطا فرمائے۔ 

علاوہ ازیں کراچی کی صحافی تنظیموں اور جنگ، جیو کی سی بی ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے میر جاوید رحمٰن کی موت کا ذمہ دار متعلقہ حکام کو قرار دیا ہے کیونکہ میر جاوید رحمن کے چھوٹے بھائی اور ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار کیا گیا اور میرشکیل اور ان کی پوری فیملی کو سخت ذہنی اذیت و کرب کا سامنا رہا۔

دریں اثناء جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر منگل کو بھی جیو اورجنگ کے دفاتر میں تمام تر حفاظتی تدابیر کے ساتھ احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ عملے کے ارکان نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے دفتری امور انجام دیئے ایکشن کمیٹی کے مطابق جنگ اور جیو کے دفاتر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تازہ ترین