• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارے کیلئے میر جاوید رحمٰن کی خدمات کو خراج تحسین، جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹوریل بورڈز کا اظہار تعزیت

اسلام آباد( فاروق اقدس) جنگ گروپ آف نیوز پیپرز اور جیو ٹی وی کے ایڈیٹوریل بورڈ نے اپنے ایک مشترکہ اجلاس میں جنگ گروپ کے چیئرمین اور پبلشر میر جاوید رحمٰن کی صحافتی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اردو صحافت میں مشرقی اقدار کی روایات کوبرقرار رکھتے ہوئے جدید رجحانات کو روشناس کرانے کو ان کا منفرد کارنامہ قرار دیا ہے۔ 

جنگ اور جیو میں فیصلہ سازی کے مناصب پر فائزسینئر صحافیوں اور دیگر ذمہ داران نے اپنے اجلاس میں بطور خاص اس بات کی ستائش کی کہ میر جاوید رحمان نے ہمیشہ سود و زیاں سے بے نیاز ہو کر ادارتی بورڈ کے ان سینئر ارکان کی آراء اور مشوروں کو فوقیت دی جس نے آزادی اظہار کو جِلا بخشی ۔

ہر چند کہ ایسے فیصلوں سے ہر عہد کے حکمران ان سے ا ور ادارے کی پالیسی سے نالاں ہی رہے لیکن ہر موقع پر میر جاوید رحمان نے انتہائی جراتمندی اور باوقار انداز سے صورتحال کا مقابلہ کیا اور ادارتی بورڈ کے آزادی صحافت کیلئے کئے جانیوالے فیصلوں کی آنچ خود برداشت کی ،فیصلہ سازوں پر نہیں آنے دی۔

اجلاس میں اس حوالے سے گروپ کے بانی میر خلیل الرحمان کی تربیت کے حوالے اور تذکر ے بھی کئے گئے جن پر عمل پیرا ہوکر ان کے دونوں صاحبزادوں نے گروپ اور والد بزرگوار کا نام بلند رکھا۔ 

اجلاس میں جنگ گروپ اور جیو ٹی وی کے سربراہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ان سے اس توقع کا اظہار کیا گیا وہ آزادی صحافت کارکنوں کے روزگار اور ادارے کی سربلندی کیلئے اسی طرح بھرپور استقامت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

 اور کارکنوں کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حالات خواہ کچھ بھی ہوں وہ ان کے مقابلے میں میر شکیل الرحمٰن کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔ 

اس موقع پر جاوید رحمٰن کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین