• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام نے تعاون نہ کیا تو وبا سے جان چھڑانا مشکل ہوجائیگا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام نے تعاون نہ کیا تو وباء سے جان چھڑانا مشکل ہو جائیگا، لاک ڈاؤن کا مقصد تب پورا ہوگا جب ہر شخص رضاکارانہ طور پر معاشرتی دوری اختیار کریگا، میں اپنے لوگوں سے درخواست کرونگا کہ برائے مہربانی وہ اپنے گھروں میں رہیں ، خود بھی سلامت رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رہنے دیں، سندھ میں 293 یعنی 47 فیصد کورونا کے کیس مقامی ٹرانسمیشن کے ہیں، صوبے میںکورونا وائرس کیسز کی تعداد 627 تک پہنچ گئی ہے،اس میں مقامی منتقلی کے 293 کیسز شامل ہیں جبکہ 30 مارچ تک کیسز کی تعداد 566 تھی اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61کیسزکا اضافہ ہوا ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبے میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے حکومت کی مجموعی کوششوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے 627 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے 272 یعنی 43 فیصد زائرین کے ہیں ، 62 یعنی 10 فیصد افرادکی سفری تاریخ ہے اور 293 یعنی 47 فیصد مقامی ٹرانسمیشن کے ہیں۔
تازہ ترین