• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکائونٹس کیس،لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی انکوائری رپورٹ طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جعلی بنک اکائونٹس کیس میں سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں درخواست ضمانت پر لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ لیاقت قائم خانی کے خلاف ریفرنس دائر ہو چکا ہے اب کیوں گرفتار رکھنا چاہتے ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی تحقیقات جاری ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ملزم لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا جائزہ لیا ہے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ لیاقت قائم خانی سے تین کلو سونا ملا ، وہ 28 پلاٹوں کے مالک بھی نکلے ہیں، کچھ پلاٹ لیاقت قائم خانی کی بیٹی اور کچھ بھتیجے طاہر کے نام پر ہیں۔ لیاقت قائم خانی کے بھتیجے اور بیٹی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ لیاقت قائم خانی کو نیب نے آئیکون ٹاور کیس میں گرفتار کیا تھا ، اثاثوں کے کیس میں احتساب عدالت نے دوبارہ گرفتاری کی اجازت نہیں دی تھی ، آئیکون ٹاور کیس کے اصل بینفشری کو نہ کبھی گرفتار کیا گیا نہ ہی وہ عدالتی نوٹس پر پیش ہوتے ہیں۔
تازہ ترین