• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گڈزٹرانسپورٹ کے مسئلے پر سندھ حکومت سے بات چل رہی ہے،حماداظہر


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے مسئلے پر سندھ حکومت سے بات چل رہی ہے، سندھ حکومت نے یہ مسئلہ حل کرنے کا یقین دلایا ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی، مودی کو اپنی غلطی کا احساس ہے اسی لئے اپنی قوم سے معافی مانگ رہے ہیں، وفاق اور صوبوں میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے دو رائے نہیں ہے، پورے پاکستان میں یکساں قسم کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیرتعلیم سندھ سعید غنی اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی شریک تھے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے اخبار سے پتا چلا کہ نیب نے میرے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں،اس کیس میں چار ملزمان ہیں جس میں دو کے سمن جبکہ دو کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے اس کی وجہ سمجھ سے باہر ہے، تمام تر تحفظات کے باوجود کراچی جاکر نیب کے سامنے پیش ہوں گا،وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم اگر تمام صوبوں کے موقف سے اتفاق کرتے تو زیادہ اچھا پیغام جاتا، وفاق سے رابطہ ہے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے۔سندھ حکومت نے نہ لوگوں کو گرفتار کیا نہ گڈز ٹرانسپورٹ بند کی ہے،وفاقی کابینہ کی پذیرائی کی ضرورت نہیں اپنے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں،تمام صوبے لاک ڈاؤن کو موثر مان کر عمل بھی کررہے ہیں، وزیراعظم صوبوں کے موقف سے اتفاق کرتے تو زیادہ اچھا پیغام جاتا،ان کی باتوں کے بہت مضر اثرات ہوتے ہیں، تمام صوبوں کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کی ضرورت تھی، کورونا کو شکست دینے کیلئے آگاہی مہم، وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی، لاک ڈاؤن ،معاشی رسپانس اور میڈیکل رسپانس کی تیاری کرنا ضروری ہے، عمران خان کس طرح ایک سیاست زدہ ٹائیگر فورس کو قوم کا پیسہ دے سکتے ہیں۔حامد میر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے پبلشر میر جاوید رحمٰن کا آج رضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا، ان کی آخری خواہش تھی کہ وہ اپنی موت سے پہلے اپنے چھوٹے بھائی میر شکیل الرحمٰن کے ساتھ ملاقات کرلیں، کل وزیربرائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے نیب کو خط بھی لکھ دیا لیکن اس کے باوجود میر شکیل الرحمٰن رہا نہیں ہوسکے، آج بھی شام کو ان کی کچھ دیر کیلئے رہائی ممکن ہوئی لیکن میر جاوید رحمٰن اس دنیا میں نہیں رہے ہیں، ارباب اختیار ابھی بھی کہتے ہیں کہ پاکستان کا میڈیا بہت آزاد، بے لگام اور طاقتور ہے ، سب کے سامنے ہے کہ میر جاویدرحمن زندگی کے آخری لمحات میں اپنے بھائی کی شکل دیکھناچاہتے تھے لیکن ان کی یہ آخری خواہش پوری نہیں ہوسکی، وہ لوگ جو میڈیا کو طاقتور کہتے ہیں وہ خود سوچ لیں کہ میڈیا کتنا طاقتور ہے۔وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ یہ وقت نہیں کہ وفاق اور صوبے ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کریں، کھانے پینے کی اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ ختم کرنے کیلئے چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ رابطے میں ہے، سندھ میں مزدور ضروری اشیاء بنانے والی انڈسٹری تک ٹرانسپورٹ نہیں ہورہے ، سندھ میں گڈزٹرانسپورٹ کی نقل و حمل میں بھی کمزوری نظر آرہی ہے، سندھ حکومت نے جامع پلان بنا کر یہ مسئلہ حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی، ان کمیٹیوں میں منتخب نمائندے، ڈویژنل کمشنرز اور این جی اوز کے لوگ بھی شامل ہوں گے، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے نوجوانوں کو ضلعی کمیٹیوں سے منسلک کریں گے، ان نوجوانوں کو حفاظتی لباس اور تربیت بھی دی جائے گی، احساس پروگرام کے تحت پینتالیس لاکھ لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے، اس کے علاوہ نادرا ، ٹیلی کام کمپنیوں اور یوٹیلیٹی اسٹورز سے بھی ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، مستحق لوگوں تک کیش پہنچایا جائے تو یہ زیادہ موثر کام ہوگا۔ حماد اظہر نے کہا کہ امداد کیلئے رقوم مختص کردی ہیں جبکہ عالمی اداروں سے بھی بات کی ہے، آئی ایم ایف سے بھی ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر ارینج کیے جارہے ہیں، نریندر مودی کو احساس ہے کہ انہوں نے بڑی غلطی کی اسی لئے اپنی قوم سے معافی مانگ رہے ہیں، انڈیا میں لاکھوں لوگ سڑکوں پر ہیں جو سیکڑوں کلومیٹر دور چل کر اپنے گھروں کو جارہے ہیں۔

تازہ ترین