• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FBR نے پورٹ پر کنٹینرز اور دیگر کنسائمنٹس پر ڈیمرج معاف کردیا

FBR نے پورٹ پر کنٹینرز اور دیگر کنسائمنٹس پر ڈیمرج معاف کردیا 


کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس سے پریشان درآمدکندگان کاایک بڑا مسئلہ حل ہو گیا ،ایف بی آر نے پورٹ پر کلیئرنس نے ہونےکے باعث پھنسے ہوئے کنٹینرز اور دیگر کنسائمنٹس پر ڈیمرج معاف کر دیا جبکہ تاخیرسے گڈزڈیکلریشن فائل کرنے پر کسٹمز نے جرمانے کی مدت میں بھی 15روز کا اضافہ کر دیا ہے۔

 اس سلسلے میں ایف بی آر نے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے، یہ بات ایف پی سی سی آئی ہیلپ ڈیسک کے انچارج نائب صدر خرم اعجاز نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت شدید دبائو کا شکار ہے،ایک جانب ہماری ایکسپورٹ یورپ اور امریکا کےبرآمدی آڈرز منسوخ ہو نے سے متاثر ہو رہی ہے اور ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان ہونے جا رہا ہے دوسری جانب صنعتوں کی بندش ہے۔

پورٹس پر برآمدات بند ہونے سے پورٹ ڈیمرج کی مد میں صنعتکاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ایسے حالات میں ایف بی آر حکام اور خاص طور پر ممبر کسٹمز سے ہونے والی طویل مشاورت کے بعد کئی مثبت اقدامات کیے گئے ہیں جس پر کاروباری برادری ان کی مشکور ہے، ممبر کسٹمز نے منگل کو کورونا وائرس کی وجہ سے ڈیمرج کی مدت میں 15روز کی توسیع کر دی ہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے ملک کے تمام کلکٹرز کسٹمز کو ہدایات جاری کر دی ہیں ،معمول کے حالات میں پورٹ پر پڑے سامان یا کنٹینرز پر 5دن کے بعد ڈیمرج ادا کرنا پڑتا ہے لیکن کورونا کی وجہ سے مال پورٹس سے باہر نہیں جارہا تھااور درآمدکند گان کو بھاری جرمانہ ہو رہا تھا لیکن اب یہ مدت 5دن کے بعد مزید 15 دن تک بڑھا دی گئی ہے۔

اسی طرح ایف بی آر نے درآمدات کے لئے گڈز ڈیکلیریشن کی مدت بھی 15 روز کے اضافے سے بڑھا کر کر 25دن کر دی ہے ،یہ فیصلہ بھی ملک میں کوروناوائرس کے باعث پید ا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔

تازہ ترین