• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹائیگر فورس مسترد، کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، اپوزیشن

ٹائیگر فورس مسترد، کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، اپوزیشن


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو مسترد کرتے ہوئے کورونا وائرس کے مسئلہ پر پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنانےاور سینیٹ و قومی اسمبلی کی ہیلتھ کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے ،اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے منگل کو بلاول بھٹو ‘فضل الرحمن ، سراج الحق، محمود اچکزئی ، آفتاب شیرپائو اور میر حاصل بزنجو سے ٹیلی فونک رابطے کئےاور کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ (ن) لیگ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قائدین نے باہمی مشاورت کے بعد تین مطالبات پر اتفاق کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان نکات پر فی الفور عمل درآمد کرے،مشاورت میں زور دیا گیا کہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے جو کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی، فنڈز کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنائے ،مشترکہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی نگرانی کرے کہ امداد اور دیگر سامان کہاں سے آ رہا ہے؟کیسے اور کہاں استعمال ہورہا ہے، مزدور، دیہاڑی دار اور کمزور طبقات کو راشن کی تقسیم کاکیا معیارمقرر کیاگیا ہے؟کیسے یہ سامان مستحقین تک پہنچایا جارہا ہے؟ کورونا کے مسئلہ پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کی ہیلتھ کمیٹیوں کا اجلاس طلب کیاجائے جس میں پارلیمانی رہنمائوں کو بریفنگ دی جائے کہ اصل صورتحال کیا ہے اور حکومت کی کیا حکمت عملی ہے؟ ۔اپوزیشن قائدین نے کہا کہ حکومت عالمی وبا کے خلاف آنے والی امداد کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال نہ کرے‘قانون نافذکرنے والے اداروں، افوجِ پاکستان رینجرز، پولیس کی موجودگی میں ٹائیگر فورس کا اقدام محض سیاسی مقاصد کیلئے ہے، ٹائیگر فورس پر قوم کا پیسہ اور قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے لوکل گورنمنٹ فوری بحال کی جائے ۔علاوہ ازیں ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاکر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاون ہوگا یانہیں؟۔کورونا سے نمٹنے کے لئے حکومتی حکمتِ عملی واضع کی جائے، قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں، قوم کو شک میں ڈالنا ، انتظامیہ اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے۔

تازہ ترین