• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام نااہل حکومت اور کورونا سے نجات چاہتے ہیں، طلال چوہدری

عوام نااہل حکومت اور کورونا سے نجات چاہتے ہیں،طلال چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہےکہ عوام نااہل حکومت اور کورونا دونوں سے نجات چاہتے ہیں،تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم غریبوں کی سوچ رہے ہیں مگر اپوزیشن اپنی سیاست کررہی ہے،پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان تاحال کورونا پر کوئی پالیسی نہیں دے سکے ہیں۔ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، انتہائی افسوسناک ہے کہ میرشکیل الرحمٰن اپنے بھائی میر جاوید رحمٰن کے انتقال کے وقت جیل میں ہیں، میں اندازہ لگاسکتا ہوں کہ انہیں کس قدر تکلیف ہوئی ہوگی، مسلم لیگ نواز کی قیادت کے ساتھ بھی اسی طرح کا واقعہ ہوا ، نواز شریف کی شریک حیات بھی کینسر میں مبتلا تھیں کہ وہ جیل جانے کیلئے وطن واپس آگئے اس کے بعد وہ انتقال کر گئیں، نیب کا مقصد لوگوں کی ساکھ اور کاروبار کو نقصان پہنچانا ہے، عدالت عام روٹین سے ہٹ کر میر شکیل الرحمٰن کا کیس دیکھے تاکہ قانون کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی ہو، جب تک ایسے کیسوں میں فوری ریلیف نہیں ملے گا نیب کے حوصلے بلند رہیں گے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ٹائیگر فورس میں پی ٹی آئی کے کارکن بھرتی کریں گے تو وہ امدادی سامان اپنے لوگوں میں ہی بانٹیں گے، حکومت کی اشتہاری مہم دیکھیں ہر جگہ تحریک انصاف نظر آتی ہے، بے شمار حکومتی محکمے ایسے ہیں جو نچلی سطح تک لوگوں کو امدادی سامان پہنچاسکتے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکن تین ہزار کی امدادی رقم کی فہرستوں میں بھی اپنے لوگوں کو شامل کروارہے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کے شیرو اور ٹائیگروں کے علاوہ بھی سرکاری لوگوں سے کام لیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین