• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت نےکورونا ٹائیگر فورس کے نام پر اعتراض کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نےٹائیگر فورس کے نام پر اعتراض کر دیا ،صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات سیدناصرحسین شاہ نے وزیر اعظم کی کورونا پرٹائیگر فورس کے اعلان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ٹائیگر فورس کے نا م کی شدید مذمت کرتے ہیں ، خان صاحب اگرٹائیگرز فورس کے بجائے اس کا نام پاکستان والنٹیئرز فورس رکھ دیں تو اس سے پاکستان کے تمام صوبے کے عوام اتفاق کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بارہا اپنی تقریر میں پاکستان ٹائیگرز فورس کا استعمال کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بلدیاتی اداروں کو بھی استعمال کیا سکتا ہےکیونکہ بلدیاتی اداروں میں ان ہنگا می حالات سے نمٹنے کے لئے بلدیاتی ملازمین کی ایک اچھی خاصی تعداد موجود ہوتی ہے۔ صوبائی وزیراطلاعات نے اس بات کی مذمت کی کہ پنجاب کے بلدیاتی ادارے قبل از وقت دوسال پہلے ہی ختم کردیئے گئے جس کے باعث بلدیاتی ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی سے اس نازک وقت میں محروم ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا جیسی موذی امراض کے موقع پر ہمیں عوام کا تعاون چاہئےکیونکہ اگر عوام نے اپنے آپ کو لاک ڈائون نہیں کیا اور حکومت کی بتائی گئی ہدایت پر عمل نہیں کیا تو اس سے مزید مسائل پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک موذی مرض ہے ۔ جس نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ ہم چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کی حکمت عملی اور پالیسی گائیڈ کی روشنی میں جلد از جلد عوام کو سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ہم نے اب تک صوبے میں گیارہ ہزار رضاکار تیا ر کر لئے ہیں جن میں ضرورت کے مطابق اضافہ بھی کیا جائے گا اور کوشش ہے کہ جو بھی حکومت کی جانب سے ریلیف ہے اسے ان کے گھر تک پہنچایا جائے۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ اشیائے ضرورت کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے سندھ حکومت ،گڈ زٹرانسپورٹ کی انٹر سٹی یا بین الصوبائی نقل و حرکت پر کسی بھی قسم کی پابندی نہیں لگائی اور نا لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں سندھ اور پاکستان کی عوام کی ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جہاں علماکرام حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں وہاں ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکل اسٹاف اور میڈیا مکمل طور پر اپنی خدمات عوام تک بہم پہنچا رہے ہیں۔
تازہ ترین