• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار، 274 پوائنٹس کا مزید اضافہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں حکومتی پیکج کے بعدمقامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے تیزی کا رجحان دوسرے روز بھی برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس میں مزید274پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔ سرمایہ کاری مالیت 47ارب71کروڑ70لاکھ روپے بڑھ گئی ، 59.77فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن کاروباری حجم منگل کی نسبت 12.68فیصد کم رہا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی مقامی سرمایہ کار سرگرم نظر آئے اور ان کی جانب سے خریداری کے نتیجے میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا،جس کے بعد معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد مجموعی طور پر تیزی غالب رہی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس273.94ائنٹس کے اضافے سے 29505.57پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی 60.08پوائنٹس کے اضافے سے 12921.30پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 178.59پوائنٹس کے اضافے سے21216.41پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر358کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 214کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ122کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 47ارب 71کروڑ70لاکھ روپے کے اضافے سے بڑھ کر 56کھرب 68ارب 65 کروڑ 79لاکھ روپے ہوگئی جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 19کروڑ 37لاکھ11ہزار شیئرز رہا جو منگل کے مقابلے میں2 کروڑ 81لاکھ 53ہزار شیئرز کم ہے۔ گزشتہ روزقیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے حساب سے مری پٹرولیم کے حصص کی قیمت 59.56روپے کے اضافے سے 950.66 روپے اور انڈس موٹر کمپنی کے حصص کی قیمت 54.71روپے اضافے سے 784.24روپے ہوگئی جب کہ نمایاں کمی کے لحاظ سے نیسلے پاکستان کے حصص قیمت 100روپے کمی سے 6600 روپے اورسیپ ہائر فائبر کے حصص کی قیمت 32.99روپے کمی سے541.01روپے ہوگئی۔ نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے میپل لیف، ہیسکول پٹرول، یونٹی فوڈز،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ، پایونیر سیمنٹ ، کے الیکٹرک، ٹی آر جی پاکستان، فوجی سیمنٹ، ڈی جی خان سیمنٹ اوربینک آف پنجاب کے شیئرز سرفہرست رہے ۔

تازہ ترین