• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج کی ادائیگی کا ارادہ عازمین فی الحال موخر کردیں، سعودی عرب

حج کی ادائیگی کا ارادہ عازمین فی الحال موخر کردیں، سعودی عرب


ریاض(جنگ نیوز)سعودی عرب نے دنیا بھر میں عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ فی الحال حج کی ادائیگی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہ کریں۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا کے سبب سعودی عرب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے رواں برس حج ادا کرنے کے خواہش مند 20 لاکھ مسلمانوں کو تجویز دی کہ وہ یہ مذہبی فریضہ ادا کرنے کا ارادہ فی الحال مؤخر کر دیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عہدیدار کی مسلمانوں کو تجویز دینے کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ کرونا کی وبا کے سبب فریضہ حج کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

سعودی عرب نے فروری میں کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیشِ نظر عمرہ زائرین کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ 

بعدازاں مارچ کے پہلے ہفتے میں غیر ملکیوں کے بعد سعودی شہریوں پر بھی عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ادائیگی عمرہ پر پابندی کے محض تین روز قبل سعودی عرب کے اہم کاروباری شہر اور دارالحکومت ریاض میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے اب تک 1560 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ وبا سے 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ محمد صالح بن طاہر بنتن نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو تمام مسلمانوں اور اپنے شہریوں کی صحت عزیز ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسی وجہ سے ہم دنیا بھر کے مسلمانوں سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ حج کے حوالے سے سعودی عرب میں اس مذہبی فریضے کے انتظامات کرنے والوں (یعنی حج آپریٹرز) سے فی الحال کسی بھی قسم کا معاہدہ نہ کریں۔

وزیر برائے حج و عمرہ نے مسجد الحرام میں ٹی وی سے گفتگو کی۔ جس وقت وہ گفتگو کر رہے تھے اس وقت مسجد الحرام میں لوگ نہیں تھے جہاں عمومی طور پر ہزاروں افراد ہر وقت موجود رہتے ہیں۔

تازہ ترین