• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹرز کو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کیلئے عطیہ مانگنا مہنگا پڑ گیا

سابق بھارتی کرکٹرز یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے قومی کرکٹر شاہد آفریدی کو کورونا کے خلاف جنگ میں پیش پیش رہنے پر سراہا اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے زیادہ سے زیادہ عطیات دینے پر بھی زور دیا۔

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے پر بھارتی عوام کی جانب سے دونوں کرکٹرز کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے میں پیش پیش شاہد آفریدی کے اقدامات کو خوب سراہا ہے۔

انہوں نے اپنے مداحوں سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو عطیات دینے کی اپیل بھی کی ہے۔ بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے دونوں کرکٹر شاہد آفریدی کے پرانے دوست ہیں۔

  شاہد آفریدی اس وقت پاکستان کے مختلف علاقوں میں مستحق لوگوں میں راشن اور دیگر اشیاء تقسیم کرنے کی مہم میں مصروف ہیں۔

بھارتی کرکٹرزکی جانب سے شئیر کئے گئے پیغامات  کے جواب میں شاہد آفریدی نے  اُن کی حمایت اورتعاون کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کوسراہا۔

بوم بوم آفریدی نے یہ بھی لکھا کہ خاص طور پر جب انسانیت کی بات آتی ہے تو ہمارا یہ بندھن محبت اور امن کی سرحدوں کو عبور کرلیتا ہے، آپ دونوں کے نیک جذبات کیلئے بہت سی نیک خواہشات ہیں۔

بھارتی شائقین کرکٹ کو  دونوں کھلاڑیوں کا اس نیک مقصد میں پاکستانی کرکٹر کی مدد کرنا ہرگز پسند نہ آیا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے دونوں سے نفرت کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

یووراج اور ہربھجن سنگھ کے خلاف نفرت کا اظہار کرنے کے لیے ٹوئٹر پر ایک ٹرینڈ ’شیم آن یووی بھجی‘ بھی زیر گردش ہے جس کا استعمال کرتے ہوئے بھارتی صارفین کھلاڑیوں پر تنقید کررہے ہیں۔

بھارتی صارفین کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو بھارت سے عزت، دولت اور شہرت ملی اور یہ پاکستان کے لیے عطیات مانگ رہے ہیں۔

بھارتی صارفین نفرت پھیلانے میں اس قدر آپے سے باہر ہوگئے کہ پوری سکھ برادری کو ہی غداری کا تمغہ دے دیا۔

یووراج کے خلاف مہم اس قدر بڑھ گئی کہ انہیں ایک اور وضاحتی پیغام جاری کرنا پڑا۔

یووراج سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ میرا مقصد صرف اور صرف لوگوں کی مدد کرنا ہے، میں اپنے پیغام سے کسی کے بھی جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا تھا، میں ایک بھارتی ہوں اور انسانیت کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔

شاہد آفریدی نے یووراج کے اس پیغام پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’انسانیت کے سادہ سے پیغامات کو غلط فہمی میں ہوتے ہوئے دیکھ کر بہت افسوس ہوا،  ہم محبت اور امن کے سفیر ہیں۔‘

تازہ ترین