• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معمر ترین کپتان مصباح کو حفیظ کی بڑھتی عمر پر فکر لاحق!

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ون ڈے ٹیم میں محمد حفیظ کی واپسی کے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ابھی اس بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے، البتہ جب ہم ون ڈے ٹیم بنانے کے لئے مشاورت کرینگے، تو سلیکشن کمیٹی اس اعتبار سے ضرور سوچ بچار کرے گی، کہ کیا محمد حفیظ 2023ء ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں؟

یاد رہے 218 ون ڈے انٹر نیشنل میں 32.90 کی اوسط سے 6614 رنز 11سنچریوں اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے اسکور کر نے والے محمد حفیظ اس وقت 39 سال کے ہیں، اور اس سال 17 اکتو بر کو وہ اپنی 40ویں سالگرہ کا کیک کاٹیں گے، 2 ون ڈے میچو ں میں قومی ٹیم کی قیادت کر نے والے محمد حفیظ نے پاکستان کے لئے تین ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔

2011ء میں آئی سی سی ورلڈ کپ جس کی مشترکہ میزبانی پاکستان سے لے لی گئی تھی، محمد حفیظ نے بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں کھیلے گئے اس ورلڈ کپ کے 8 میچوں میں 215 رنز بنائے تھے، جب کہ 2019ء آئی سی سی ورلڈ کپ میں سابق کپتان بابر اعظم (474) امام الحق (305) کے بعد 8 میچوں میں 253 رنز کیساتھ پاکستان کے تیسرے کامیاب بیٹس مین رہے تھے۔

ون ڈے کر کٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹس مینوں میں محمد حفیظ نویں نمبر پر ہیں اور 2023ء ورلڈ کپ جو بھارت کی سرزمین پر منعقد ہو نے جارہا ہے، وہاں محمد حفیظ نے 9 میچو ں میں 255 رنز بنائے ہیں، البتہ سوال یہ ہے کہ مصباح الحق جنہوں نے 42 سال 347 دن کی عمر میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیل کر پاکستان کے معمر ترین ٹیسٹ کپتان بننے کا ریکارڈ بنایا، جب 2015ء ورلڈ کپ میں 20 مارچ کو آسڑیلیا کے خلاف انہوں نے ایڈیلیڈ میں کوارٹر فائنل کھیلا، جو ان کا آخری بین الااقوامی ون ڈے بھی تھا، اس وقت ان کی عمر 41سال 296 دن تھی۔

جب کہ محمد حفیظ 2023ء ورلڈ کپ کھیلے تو ان کی اس وقت عمر 42 سال ہوگی، تاہم یہ فیصلہ محمد حفیظ کو کرنا ہے کہ ابھی انہیں ون ڈے کر کٹ سے جڑے رہنا ہے، یا نہیں، یاد رہے کہ دسمبر 2018ء میں محمد حفیظ نے شیخ زید کر کٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کے بعد طویل دورانیے کی کر کٹ سے علیحدہ ہو نے کا اعلان کر دیا تھا۔

محمد حفیظ نے 2003ء سے 2018ء تک پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ کھیل کر 37.64 کی اوسط سے 3652 رنز 10سنچریوں اور 12نصف سنچریوں کی مدد سے اسکور کئے، محمد حفیظ بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے عزت کیساتھ پاکستان کے لئے کر کٹ کھیلی ہے، ڈسپلن، فارم اور فٹنس کے معاملے پر انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے ہمیشہ مثال قائم کر نے کی کوشش کی ہے، اور جب وہ سمجھیں گے کہ ان سے بہتر کھلاڑی ٹیم کے لئے دستیاب ہیں، تو وہ خود کو ٹیم سے الگ کر نے میں دیر نہیں لگائیں گے۔

اس کا سیدھا مطلب یہ ہوا کہ چیف سلیکڑ مصباح الحق کے ون ڈے کیرئیر کے حوالے سے فیصلہ کر نے سے زیادہ مناسب ہوگا کہ وہ سابق کپتان کیساتھ بیٹھ کر اس حوالے سے خود لائحہ عمل بنائیں، اور سینئیر کو کر کٹ سے رخصت کے حوالے سے خوب صورت مثال قائم کریں، جو یقیناً پاکستان کر کٹ اور سینئیر کھلاڑیوں کے لئے بھی قابل قبول ہوگا۔

تازہ ترین