نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)گوگل اور نیٹ فلکس جیسے گلوبل سروس فراہم کرنے والوں نے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی کو کورونا کے وباء کے دوران ٹیلی کمیونکیشن نیٹ ورکس پر دباؤ کم کرنے اور صارفین کی سہولت کے حوالے سے کئے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔گوگل نے پاکستانی صارفین کو مقامی سطح پر متعلقہ معلومات فراہم کرنے کے لئے نئے خصوصیات اور وسائل متعارف کرائے ہیں، ان میں گوگل سرچ پر کورونا 19 ، ایس او ایس الرٹس اور نالج پینلز کی توسیع شامل ہے، نیز یوٹیوب انفارمیشن پینل بھی شامل ہیں۔یہ معلوماتی چینلز پاکستانی شہریوں کو مقامی طور پر متعلقہ معلومات فراہم کرنے کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سے منسلک ہیں، گوگل نے بروقت اور مددگار معلومات کی فراہمی کے لیے تشہیری فہرست بھی وزارت قومی صحت کو پیش کردی ہے ۔گوگل نے ’بولو‘کے نام سے بول چال پر مبنی ایک ایپ بھی متعارف کرائی ہے جس سے بچوں کو اپنی آواز میں اعتماد کے ساتھ پڑھنے میں مدد ملتی ہے۔ اسکول بند ہونے کی وجہ سے یہ ایپ اردو میں بھی دستیاب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک مفت انگریزی ایپ متعارف کروائی گئی ہے جس میں کاروبار ، مارکیٹنگ ، نظم و نسق اور اور دیگر موضوعات کے آسان سبق شامل ہیں۔گوگل نے مزید بتایا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کے ذریعہ وائرس سے متعلق غلط معلومات بھی دور کررہے ہیں۔دوسری جانب نیٹ فلکس نے بتایا کہ کورونا وائرس کے اس وبائی امراض کے دوران پاکستان میں ٹیلی کمیونکیشن کے نیٹ ورکس پر سروس کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے نیٹ فلکس ٹیلی کمیونکیشن نیٹ ورکس پر اپنی ٹریفک میں 25فیصد کمی کرے گی۔اس کی مدت 30 دن پر مشتمل ہوگی اور مددت کے اختتام پر دوبارہ اس کا جائزہ لیا جائے گا ۔