• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکہ، مدینہ میں کرفیو، نماز گھر پڑھیں، کورونا کے پیش نظر مقدس مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات، جدہ اور ریاض میں بھی داخلے پر پابندی ہے

مکہ و مدینہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو لگادیا گیا ہے


ریاض(اے ایف پی، خبرایجنسیاں، جنگ نیوز)کوروناوائرس کے باعث سعودی مملکت نے غیر معینہ مدت کیلئےمکہ و مدینہ میں 24گھنٹے کاکرفیو لگادیا ہے جبکہ شہریوں کو نماز بھی گھر میں پڑھنے کی ہدایت کی گئی ہے،حکام نے مقدس مقامات پر بھی سخت حفاظتی اقدامات کرلیے ہیں جبکہ جدہ اور ریاض میں بھی داخلے پر پابندی ہے۔

تفصیلات کےمطابق سعودی عرب نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جمعرات سے تاحکم ثانی 24گھنٹےکا کرفیو لگا دیا ہے ۔ 

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اقدام ہلاکت خیز وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے،اس وبا سے اب تک سعودی عرب میں1885افراد متاثر اور21ہلاک ہوئے ہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق لازمی خدمات سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو کرفیوسے استثنیٰ دیا گیا ہےجبکہ دونوں شہروں کے رہائشیوں کو اضلاع میں کاروں میں سفر کے لئے ڈرائیور کے علاوہ ایک اضافی فرد کو بٹھانے کی اجازت ہو گی۔

حکام وزارت نے کہا ہے کہ ’انتہائی ناگزیر حالات میں گھر سے نکلنے کی اجازت صبح 6 بجے سے دوپہر 3 بجے تک دی جائے گی، اس اثنا میں انہیں بینکنگ خدمات اور اے ٹی ایم سروس سے استفادہ کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کے ضوابط سعودی مالیاتی اتھارٹی، وزارت داخلہ اور وزارت صحت طے کریں گے‘۔ 

دوسری جانب سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک ’کووڈ19‘ کے سب سے زیادہ مریض ریاض میں ہیں جن کی تعداد 587 ہوگئی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر مکہ مکرمہ ہے جہاں کورونا مریض کی تعداد 363ہے۔

حکام کی جانب سے جدہ اور ریاض میں بھی داخلے پر پابندی لگائی جاچکی ہے جبکہ مقدس مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات کرلیے گئے ہیں۔ 

سعودی عرب میں اس وقت بین الاقوامی پروازیں اورزیادہ تر عوامی مقامات بند ہیں،عمرہ بھی معطل ہےجبکہ حج کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بھی نہ ہوسکا ہے۔

تازہ ترین