• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف ڈیزائنر کی طبی عملے کے لیے حفاظتی سُوٹ بنانے کی پیشکش


معروف ڈیزائنر عاصم جوفا کے بعد مشہور فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے بھی کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے میڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں کے لئے حفاظتی میڈیکل سوٹ بنانے کی پیشکش کردی۔

دیپک پروانی کی جانب سے یہ اعلان اُس وقت کیا گیا جب انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی جہاں انہوں نےطبی سازو سامان اور کورونا سے بچاؤ کے لیے مقامی طبی سامان بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر عمران اسماعیل نے دیپک پروانی سے کہا کہ ہمیں ڈاکٹروں، نرس، پیرا میڈیکل اسٹاف اور رضاکار غرض کہ ان تمام لوگوں کی خیریت کو یقینی بنانے کے لئے جلد از جلد ایسے اقدامات کرنے ہیں جن سے ان تمام لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

گورنر سندھ نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس میں دیپک پروانی کی سربراہی میں چار رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، دیپک پروانی اس ملاقات میں فیشن ڈیزائننگ اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی نمائندگی کررہے تھے۔

دیپک پروانی نے طبی معیار کے مطابق حفاظتی سوٹ مقامی مارکیٹ میں بنانے کی یقین دہانی کروائی اور بتایا کہ ملک کو اس مشکل گھڑی میں ٹیکسٹائل اور فیشن ڈیزائننگ انڈسٹری کی جو بھی ضرورت ہو، وہ  اس میں اپنا سو فیصد دینا قومی فریضہ سمجھیں گے۔

 دنیا کے مشہور فیشن برانڈز نے رضاکارانہ طور پراپنے کام کو عارضی طور پر تبدیل کرکے اہم طبی سامان تیار کرنے فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کے ملک کرونا وائرس سے لڑنے میں مدد ملے۔

تازہ ترین