• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، جڑواں نومولود کے نام ’کورونا‘ اور ’کوویڈ‘ رکھ دیے

بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں لاک ڈاؤن کے دوران پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کے نام ’کورونا‘ اور ’کوویڈ‘ رکھ دیے گئے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں ایک جوڑے کے یہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے، اِس جوڑے نے کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے دونوں بچوں کے نام ’کورونا‘ اور ’کوویڈ‘ رکھ دیے ہیں۔

اِس جوڑے نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اُنہوں نے اپنے ایک بچے کا نام ’کورونا‘ اور دسرے کا ’کوویڈ‘ اِس کے لیے رکھا ہے تاکہ وہ ساری زندگی اُن مشکلات کو یاد رکھ سکیں جو اُنہوں نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے بچوں کی پیدائش کے دوران اُٹھائی ہے۔

نومولود جڑواں بچوں کی 27 سالہ والدہ پریتی ورما نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ کورونا ایک جان لیوا اور خطرناک وبا ہے لیکن اِس وائرس کی وجہ سے لوگوں نے صفائی ستھرائی، حفظان صحت اور دیگر اچھی عادات کی جانب اپنی توجہ مرکوز کردی ہے اِس وجہ سے بھی میں نے اور میرے شوہر نے ہمارے جڑواں بچوں کا نام’کورونا‘ اور ’کوویڈ‘ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

’کورونا‘ اور ’کوویڈ ‘ کی والدہ نے کہا کہ اگر آگے چل کر مجھے اور میرے شوہر کو ہمارے بچوں کا نام تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو ہم اِن کا نام تبدیل کردیں گے۔

پریتی ورما نے بتایا کہ  جب میرے بچوں کی پیدائش ہوئی تو اسپتال کے عملے نے بھی میرے بچوں کو ’کورونا‘ اور ’کوویڈ‘ کے نام سے پُکارنا شروع کردیا تھا۔

واضح رہے کہ اِس سے قبل بھی بھارت کے شمال مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والے والدین نے لاک ڈاؤن کے دوران پیدا ہونے والی بچی کا نام ’ کورونا‘ رکھ دیاتھا۔

تازہ ترین