• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر حسین کی دکھاوا کر کے امداد کرنے والوں پر تنقید، مزاحیہ ویڈیو شیئر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات اس وقت نہایت جوش و خروش کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثر غریب طبقے کی مدد کررہی ہیں۔کئی شخصیات خاموشی سے ایسا کررہی ہیں جبکہ بہت سی سوشل میڈیا پر سامنے آکر لوگوں کی مدد بھی کررہی ہیں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کا پیغام دے رہی ہیں۔فیصل قریشی، صنم جنگ اور گلوکار امانت علی جیسی شخصیات نے لوگوں کو خاموشی سے ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا پیغام بھی دیا وہیں اب اداکار یاسر حسین نے ایک مزاحیہ ویڈیو بھی جاری کردی جس میں انہوں نے دکھاوا کرکے لوگوں کی مدد کرنے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے یاسر حسین نے لکھا کہ ’یہ حال ہے آج کل نامور شخصیات کا بھی اور باقی لوگوں کا بھی، یا اللہ ہم سب کو ہدایت دے، عقل دے، جذبہ عطا فرما اور لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرما‘۔اس ویڈیو میں سوشل میڈیا صارف یاسر تاج جلوہ گر ہوئے جو نقلی داڑھی لگائے مائیک پر کچھ دعائیں مانگ رہے تھے۔ویڈیو میں یاسر تاج نے اس مشکل وقت میں سینٹائزرز کی قیمت بڑھا کر بیچنے والے دکانداروں اور دکھاوا کرکے لوگوں کی مدد کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس پر انہوں نے لکھا تھا کہ ’لوگوں کو راشن بانٹنے کی تلقین ضرور کریں، چاہیں تو منہ سے بتائیں کہ آپ نے بھی بانٹا ہے، چاہے تو تھیلوں کی تعداد بھی بتادیں کہ میں نے 30 تھیلے بانٹیں، بس مدد لینے والوں کی شکلیں نہ دکھائیں، لوگوں کی شرم نکل گئی تو کورونا ختم ہونے کے بعد بھی انعامی شو والا حال ہوگا‘۔یاسر حسین نے ایک اور اسٹوری میں دکھاوا کرکے مدد کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تازہ ترین