کراچی(عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے باعث کراچی میں کسی رمضان کرکٹ ٹورنامنٹس کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنگ میں جمعے کو شائع ہونے والی اس خبر کی تصدیق ہوگئی ہے کہ اس سال کراچی میں رمضان کا کوئی ٹورنامنٹ نہیں ہوگا ۔کھلاڑیوں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آرگنائزر اور کرکٹ صنعت سے وابستہ لوگوں کو شدید مالی بحران کا شکار ہونا پڑے گا۔ گرائونڈ اسٹاف کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑ جائیں گے۔ پی سی بی دفاتر اب 16اپریل کو دوبارہ کھیلیں گے اس کا انحصار کورونا کی صورتحال پر ہوگا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی آرگنائزر نے رمضان ٹورنامنٹ کی این او سی کے لئے درخواست نہیں دی ہے لیکن موجودہ صورتحال میں کسی بھی سطح کے ٹورنامنٹ یاسرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ حالات بہتر ہونے پر حکومتی ہدایت کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ سالہا سال میں پہلی بار ملک بڑے رمضان ٹورنامنٹ نہیں ہوں گے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ملک کے بڑے کرکٹرز جن میں کامران اکمل، عمر اکمل،وہاب ریاض ،سرفراز احمد ،محمد سمیع ،فواد عالم ،انور علی ،وغیرہ نمایاں ہیں انہیں ایک ماہ کے دوران تین سے پانچ لاکھ روپے کی آمدنی ہوتی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا میں ٹی 20 کرکٹ کا آغاز پہلی بار1978 میں کراچی میں ناظم آباد سپر کپ سے ہوا تھا ۔ اس ٹورنامنٹ کے پہلے فاتح کپتان اور سنچری میکر شعیب حبیب ہیں۔