کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی نے اگلے سال ہونے والے اولمپکس گیمز کے کوالیفائی رائونڈ کی نئی تاریخوں کے حوالے سے کھیلوں کی عالمی فیڈریشنز سے ٹیلی فونک رابطہ شروع کردیا جبکہ اپنے قانونی ماہرین سے بھی اس حوالے سے صلاح مشورے شروع کردیے ہیں ۔ آئی او سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تمام الحاق شدہ اولمپکس ایوسی ایشن سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہے۔ خواہش ہے کہ رواں سال اکتوبر سے ملتوی شدہ رسائی رائونڈ کا آغاز ان ہی ملکوں میں کیا جائے جو ان کے میزبان تھے، آئی او سی ان مقابلوں کو اپریل تک مکمل کرانا چاہتی ہے۔ ٹوکیو اولمپکس میں ایک سال کی تاخیر کے فیصلے سے دنیا کے ایتھلیٹوں میں اضطراب اور امید دونوں بڑھے ہوئے ہیں کیونکہ کورونا وائرس سے اس الجھن میں اضافہ ہواہے کہ اب کون کھیلوں کے لئے کوالیفائی کرسکتا ہے ۔ دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تسلیم کیا کہ ٹوکیو اولمپکس کو 2021 تک ملتوی کرنے سے ایونٹ مزید مہنگا ہوجائے گا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اگلے سال تک اپارٹمنٹس ، ہوٹلوں ، نقل و حمل ، سامان اور خدمات کی فراہمی کے لئے رضا کاروں کا خرچہ اور اولمپک ولیج کے حوالے سے اخراجات کئی گناہ بڑھ جائیں گے۔