کراچی(اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو سانحات اور قدرتی آفات میں بھی انسانی مشکلات کاکوئی احساس نہیں،کے الیکٹرک نے مارچ کے بلوں میں ایوریج ریڈنگ کے نام پر کراچی کے شہریوں کو اضافی یونٹس بھیج دیئے۔صرف اتنا ہی نہیں مارچ کے بلوں میں پچھلے 7ماہ کے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بھی اضافی چارجز لگاکر بھیج دیئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی ٰسندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ کورونا وائرس کے باعث شہر میں لاک ڈاون کی وجہ سے دوماہ کے بل معاف کردے اور 10ماہ کی اقساط کی صورت میں بل وصول کرے لیکن کے الیکٹرک نے اضافی چارجز لگاکر کراچی کے عوام کو اضافی بلوں کے وائرس میں مبتلاء کردیا ہے۔