• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستحق افراد کی نشاندہی کیلئے موثر میکنزم کی ضرورت ہے، گورنر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے ،وہ اپنی صدارت میں منعقددہ حکومت سندھ کی کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کمیٹی کا اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی، ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالعلیم لاشاری، مشتاق چھاپرا اور ڈاکٹر عبدالباری نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کو موثر ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے کیونکہ یہ ہم سب کی جنگ ہے، اسے ہمیں مل کر لڑنا اور کورونا وائرس کو شکست دینا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مخیر حضرات کا تعاون متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کو راشن کی فراہمی ایک دشوار چیلنج ہے اور انہوں نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کے لئے موثر میکنزم تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں بروقت امداد کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے گورنر سندھ کو کورونا پر کنٹرول کے لئے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال، علاج معالجہ اور ان کے گھروں کو راشن پہنچانے کی خصوصی ہدایات کردی گئی ہیں۔ اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے فنڈ میں موصول ہونے والے عطیات کی تفصیل بتائی۔
تازہ ترین