• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرشکیل الرحمٰن اس وقت حکومتی عتاب کا شکار ہیں، سلیم ضیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹر سلیم ضیا نے کہا ہے کہ میرجاوید رحمان کے انتقال پر انتہائی افسوس ہے وہ میرے کلاس فیلو تھے، گھٹنے کے آپریشن کے باعث ان کے جنازے میں شرکت نہیں کرسکا اس کا افسوس رہے گا، میرشکیل الرحمن اور ان کی پوری فیملی سےمیرجاوید رحمان کے انتقال پر تعزیت کرتا ہوں اوردعا کرتا ہوں کہ میرشکیل الرحمن جو اس وقت حکومتی عتاب کا شکار ہیں اللہ انہیں جلد از جلد اس آزمائش سے نکالے۔ اپنے ایک بیان میںمسلم لیگ (ن ) کے سینئر رہنما اور سینیٹر سلیم ضیا کا کہنا ہے کہ میرجاوید اور میںایس ایم کالج میں ہم دونوں کلاس فیلو تھے۔ وہ انتہائی نفیس اور مہربان دوست تھے، اس کے بعد وہ اخبار جہاں کے ایڈیٹر انچیف بنے لیکن عاجزی و انکساری کا پیکر رہے۔ اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ میں گھٹنے کے آپریشن کے باعث اس وقت اسلام آباد میں زیرعلاج ہوں۔ سلیم ضیاء نے کہا کہ حکومت نے نیب کے ساتھ مل کر میرشکیل الرحمن کے خلاف جو محاذ کھولا اور انہیں 34 سال پرانے پراپرٹی کیس میں گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ہماری پارٹی نےبھی ہر سطح پر جنگ اور جیو کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔ میرشکیل الرحمن ایک بزنس مین ہیںحکومت کاان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطلب بالکل واضح ہے کہ جنگ اور جیو پر اپنی مرضی اور دھونس مسلط کی جائے۔حکومتی چاہتی ہے کہ میرشکیل کی آرم ٹوئسٹنگ کی جائے ۔بڑے گروپ کو جب زیر کرلیا جائے گا تو پھر چھوٹے اخبارات اور چینلز خود ہی کنٹرول ہوجائیں گے۔ میڈیا کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں آج کئی اخبارات اورچینلز بند ہوگئے اور اینکرز اور صحافی بے روزگار ہوگئے ہیں۔ جن لوگوں نے انہیں ووٹ دیئے ہیں آج وہی بدعائیں دے رہے ہیں، چیخ و پکار کررہے ہیں ۔

تازہ ترین