• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈبلیو ڈی سوسائٹی اور دیگر ٹائون جدید مشینری سے سینی ٹائز کر دیئے گئے

پی ڈبلیو ڈی سوسائٹی اور دیگر ٹائون جدید مشینری سے سینی ٹائز کر دیئے گئے


اسلام آباد (حنیف خالد) بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے وفاقی دارالحکومت کی گنجان آبادیوں میں جراثیم کش سپرے پانچ روز تک کرنے کے بعد جمعہ کو پی ڈبلیو ڈی ہائوسنگ سوسائٹی کی مین بلیوارڈ کو دنیا کی جدید ترین ملٹی فنکشن ڈسٹ سپریشن مشینری سے سینی ٹائز کیا۔ اس سے پہلے کلورین ملے پانی سے ڈبل روڈ کو دھویا گیا۔ جمعہ کو ہی میڈیا ٹائون‘ پولیس فائونڈیشن‘ پاکستان ٹائون کے علاقوں کو چین کے 2کروڑ آبادی والے شہر ووہان سے منگوائی گئی دنیا کی جدید ترین مشین سے جراثم کش سپرے کرایا جس پر اُس علاقے میں رہنے والے لاکھوں افراد نے ملک ریاض حسین کا شکریہ ادا کیا۔ ان علاقوں کو سینیٹائز کرنے کیلئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین کو خصوصی طور پر کہا تھا۔ یہ وسیع و عریض علاقہ ملک ریاض حسین کی ٹیم نے انتہائی تیزرفتاری سے سینی ٹائز کر دیا۔ این ڈی ایم اے سے ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس جیسی قدرتی وباء سے اللہ کی مخلوق کو بچانے کیلئے انہیں جتنا بھی خرچہ کرنا پڑا‘ وہ کرینگے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں جو کچھ بھی دیا ہے وہ پاکستانی عوام کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔ دریں اثناء ملک ریاض حسین نے بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں اور علاقوں میں کھانے کی تقسیم کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے آنے والے دنوں میں ملک کی غریب آبادیوں میں یہ سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ کیاہے۔ بحریہ ٹائون انتظامیہ کی جانب سے بحریہ ٹائون راولپنڈی اور اسلام آباد میں پی ڈبلیو ڈی روڈ‘ جی ٹی روڈ اور کمرشل ایریاز میں پاکستان میں اپنی نوعیت کی واحد ملٹی فنکشن ڈسٹ سپریشن مشینری کے ذریعے جراثیم کش سپرے کیا گیا۔ اس سے قبل بھارہ کہو‘ شہزاد ٹائون کی مکمل صفائی‘ سپرے اور دھلائی بھی کی گئی۔ شہزاد ٹائون میں سپرے دوسرے روز بھی جاری رہا۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے شفاف ترین‘ مکمل دھلائی اور سپرے کیلئے ووہان میں سپرے کیلئے استعمال ہونے والی جدید ترین اور اپنی نوعیت کی واحد ملٹی فنکشن ڈسٹ سپریشن مشینری چین سے ہنگامی طور پر منگوائی ہے جو تیزی کے ساتھ ایک وسیع رقبے کو سینی ٹائز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تازہ ترین