• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر سعودی اور اماراتی سفیر کا اظہار افسوس

اسلام آباد ( صالح ظافر) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں نے جنگ گروپ کے چیئرمین میر جاوید رحمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سعودی سفیر ایڈمرل (ر) نواف بن سعید المالکی اور اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الذابی نے یاد دہانی کرائی ہے کہ میر جاوید رحمان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عرب ممالک کے میڈیا کی بھی نامور شخصیت تھے جہاں ان کے کئی چاہنے والے موجود ہیں۔ میر جاوید رحمان پاکستان میں اپنے بھائی میر شکیل الرحمان کی طرح ترقی یافتہ میڈیا کی علامت تھے اور مذہب سے انہیں گہرا لگائو تھا۔ دونوں سفیروں نے دعا کی کہ خدا مرحوم کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ اور رفقاء کو دکھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اماراتی سفیر نے کہا کہ مرحوم متحدہ عرب امارات میں میڈیا کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے اور اماراتی میڈیا کی نمایاں شخصیات کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات تھے۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ میر جاوید رحمان سچے مسلمان اور خوف خدا رکھنے والی شخصیت تھے اور ضرورتمندوں کا خیال رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران انہوں نے کبھی کسی طرح کی سہولت کا مطالبہ نہیں کیا، وہ اپنی عبادات اور فرائض باقاعدگی سے انجام دیتے تھے۔
تازہ ترین