• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر اپنا کردارادا کر نا چاہیے،گورنر

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان فارماسوٹیکل مینو فیکچر ایسوسی ایشن نے عوام کو کورونا سے بچاؤ کیلئے 50لاکھ روپے کے ماسک اور سینی ٹائزر سمیت دیگرحفاظتی سامان اور ادویات گورنر ہائوس میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کے حوالے کر دیں ،جبکہ اس موقع پر گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کوروناکے خلاف جنگ دشمن سے جنگ کرنے جیسے جذبہ کی ضرورت ہے۔چین پاکستان کیساتھ کھڑا ہے ہمیں بھی اپنی ذمہ داری پوری کر نا ہوں گی۔22کروڑ عوام کو چٹان جیسی مضبوطی سے کوروناکیخلاف کھڑاہونا ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حکومت اور طبی عملہ کا ساتھ دیں۔ عوام کو چاہیے ”محدود رہیں اور محفوظ رہیں“اور کورونا کو شکست دیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وفاقی اورپنجاب حکومت اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے بدقسمتی سے ان حالات میں اپوزیشن کوئی مثبت تجویز دینے اور اپنا مثبت کردار ادا کر نے کی بجائے تنقیدی پالیسی اختیار کررہی ہے جو کسی بھی صورت درست نہیں اس مشکل کی گھڑی میں اپوزیشن کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر اپنا کردارادا کر نا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج چین بھی پاکستان کیساتھ کھڑا ہے مگر معاشرے کے تمام طبقات کو بھی کورونا کے خطرات کو سنجیدہ لینا ہوگا عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حکومت اور طبی عملہ کا ساتھ دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ ہے انکو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے کورونا کے خلاف جنگ کسی فرد،جماعت یا حکومت کی نہیں ہر پاکستانی کی جنگ بن چکی ہے۔
تازہ ترین