• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈونا کا کورونا وائرس ویکسین کی تیاری کیلئے 10 لاکھ ڈالر عطیہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی معروف گلوکارہ میڈونا نے کوروناوائرس ویکسین کی تیاری کے لیے 10 لاکھ ڈالر عطیہ کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی گلوکارہ نے کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کی مد میں ’’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ میں ایک ملین ڈالر عطیہ کیا۔مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیرترین شخص بل گیٹس نے منصوبہ ظاہر کیا ہے کہ وہ کوروناوائرس ویکسین کی تیاری کے لیے 7مختلف ریسرچ لیب کو فنڈ فراہم کریں گے۔ ان کی مدد اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے میڈونا نے بھی 1ملین ڈالر عطیہ کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر گلوکارہ نے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس کے باعث ہم انفرادی اور عالمی سطح پر ہنگامی صورت حال کا شکار ہیں، میں اس بات کو قبول کرتی ہوں کہ مجھے موجودہ ماحول کے تحت اپنی طرز زندگی کو تبدیل کرنے میں وقت لگا۔انہوں نے کہا میں کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے بل گیٹس فاؤنڈیشن میں اپنا حصہ ڈال رہی ہوں جس نے طبی مراکز کو مدد فراہم کرکے کوروناوائرس ویکسین کی تیاری کا بیڑا اٹھایا ہے۔خیال رہے کہ بل گیٹس کورونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کیلئے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔ یہ امداد کورونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

تازہ ترین