• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران مریض اور اموات دگنی ہوگئیں

کورونا وائرس، پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران مریض اور اموات دگنی ہوگئیں


کراچی ، لاہور(ٹی وی رپورٹ، این این آئی) ایک ہفتے کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے مریض اوراس کے نتیجے میں اموات دو گنا ہوگئیں، آج ملک میں کورونا سے مزید 5 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 52 ہوگئی، جبکہ مجموعی کیسز 3755 تک جا پہنچے۔ 

آج ملک بھر میں 594 نئے کیسز سامنے آئے اور 5 ؍ ہلاکتیں بھی ہوئیں جن میں سے پنجاب میں 3؍ اور سندھ میں 2 ہلاکتیں ہوئیں۔ جبکہ ملک بھر اب تک 315؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

دوسری جانب پنجاب میں لاک ڈائون میں ایک ہفتے تک توسیع کردی گئی ہے۔ جس کے بعد 14 اپریل تک لاک ڈائون رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 5؍ افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 52 ہوگئی جبکہ مزید 594 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3755 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں ابتک کورونا سے ہونے والی 52 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 17 ہلاکتیں ہوئی ہیں، اسکے علاوہ خیبرپختونخوا میں 16، پنجاب 15 جبکہ گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ 

سندھ میں آج کورونا وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی جب کہ مزید 51 کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی تعداد 932 تک جا پہنچی ہے۔ 

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ہلاکتوں اور کیسز کی تصدیق کی اور ساتھ ہی بتایا کہ صوبے میں کورونا سے مزید 130 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے۔ 

پنجاب میں آج بروز پیر کورونا وائرس کے مزید 538 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 1918 ہوگئی ہے۔ 

اس کے علاوہ صوبے میں 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں، اس طرح صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین