• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیٹر انچیف جنگ جیو آج نیب عدالت میں پیش ہونگے

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ جنگ گروپ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی نیب کی طرف سے گرفتاری اور احتساب عدالت سے جسمانی ریمانڈ لینے کے خلاف اور میر شکیل الرحمٰنکی ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر آج پھر سماعت کرے گا۔ 

نیب کے پراسیکیوٹر عدالت کے روبرو اپنا موقف پیش کریں گئے جمعرات کے روز میر شکیل الرحمٰن کے وکیل معروف قانون دان اعتزاز احسن نے اپنے دلائل مکمل کر لیئے تھے دو رکنی بنچ میر شکیل الرحمن اور ان کی اہلیہ شاہینہ شکیل کی درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے۔

جن میں کہا گیا کہ نیب نے میر شکیل الرحمٰن کو 34سال پرانے ایک پرائیویٹ پارٹی سے زمین خریدنے کے معاملے کو بنیاد بناکر شکایت کی تصدیق کے مرحلے پر گرفتار کیا جو سراسر سول ٹرانسزیکشن کا معاملہ ہے اور وہ نیب کے دائرہ اختیار میں بھی نہیں آتا۔ 

نیب نے اپنے ہی ایس او پیز اور حکومت کی بزنس پالیسی کی خلاف ورزی کرکے میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار کرکے ان کا جسمانی ریمانڈ لیا نیب نے میر شکیل الرحمٰن پر جو الزامات عائد کیئے وہ سراسر بے بنیاد ہیں۔ 

میر شکیل الرحمٰن اپنے موقف کی بنیاد پر مبنی ثبوت لے کر نیب کے دفتر میں گئے مگر شکایت کی تصدیق کے مرحلہ پر ہی انھیں گرفتار کر لیا اور ان کو صفائی کو موقع بھی نہیں دیا گیا لہذا عدالت نیب کی کارروائی کو کالعدم اور قانون کے برعکس قرار دے کر درخواست گزار کو فوری طور پر نیب کی غیر قانونی حراست سے آزاد کرنے کا حکم دے۔ 

مزید برآں نیب لاہور کے حکام میر شکیل الرحمٰنکو آج احتساب عدالت لاہور میں پیش کریں گے ۔احتساب عدالت لاہور نے میر شکیل الرحمان کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا ۔

تاہم احتساب عدالت لاہور نے میر شکیل الرحمٰن کے بڑے بھائی میر جاوید الرحمان کی وفات کے باعث انہیں سات روز کے راہداری ریمانڈ پر کراچی جانے کی اجازت دی تھی ۔تاکہ وہ اپنے بھائی کے جنازے میں شرکت کر سکیں۔

یاد رہے کہ نیب حکام نے میر شکیل الرحمان کو جوہر ٹائون میں ایک پرائیویٹ شخص سے 54 کینال پر مشتمل پلاٹ خریدنے کے الزام میں گرفتار کر رکھا ہے ۔

تازہ ترین