• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیس بروقت ادا کرنیوالے والدین کو 20فیصد ریلیف دیا جائیگا‘ ابرار احمد خان

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) پنجاب کے نجی تعلیمی اداروں میں فیسوں کی 80فیصد وصولی کو مشروط طور پر تسلیم کرتے ہیں لیکن اس کا اطلاق ان فیسوں پر نہیں ہو گا جن پر پہلے ہی رعایت دی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد خان نے بیس فیصد فیس کم وصولی کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو والدین اپریل، مئی کی فیس بروقت ادا کریں گے انہیں بیس فیصد کمی کا ریلیف دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فیس وصولی کیلئے ایڈمن آفس کھولنے کی اجازت دے۔ چھٹیوں کے مہینوں کی فیس ہمیں جولائی اور اگست کے مہینے میں تاخیر سے ملیں تو نجی تعلیمی ادارے خسارے کا شکار ہو کر بند ہو جائیں گے۔ ہم واضع کرنا چاہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہم حکومت کے فیصلے کی مشروط حمایت کر رہے ہیں۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ ایک طرف حکومت تعمیراتی کمپنیوں اور دیگر صنعتوں کو ریلیف پیکیج دے رہی ہے تو دوسری طرف معاشی مسائل میں جکڑے ہوئے اداروں کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی تعلیمی اداروں کو ریلیف دیکر انکے بلوں کا اسٹیٹس گھریلو کیا جائے۔
تازہ ترین