• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی میں ناکام ہو چکی، پیپلز پارٹی

کوئٹہ(پ ر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ‏ایف آئی اے انکوائری کمیٹی نے حکومت کی نااہلی کو واضح کر دیا اپنی نا اہلیوں کی پردہ پوشی کرنے والی حکومت اگر ایف آئی اے کی بی آر ٹی رپورٹ بھی منظرِ عام پر لے آئے تو اربوں روپے کے میگا پروجیکٹ کی حقیقت بھی واضح ہو جائے گی، اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت آٹا اور چینی بحران میں ملوث جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو سزا دیتی ہے یا معاملہ ٹال دیا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ ‏حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی آڑ میں تبلیغی جماعت کو بدنام کرنا اور اپنی ناکامی چھپانا شرمناک ہے،اپنی نااہلی چھپانے کیلئے دوسروں کا کندھا استعمال کرنا پی ٹی آئی کی پرانی عادت ہے۔یہ وقت الزامات کا نہیں بلکہ لوگوں کو ریلیف کی فراہمی کا ہے جس میں حکومت وقت ناکام ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مرکزی حکومت سے یہ پوچھنے تک کی جسارت نہیں کرسکتی کہ اب تک باہر ممالک سے کتنی امداد ملی ہے اور اس امداد میں صوبے کا کتنا حصہ ہے صوبے کے عوام اس وقت اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف چندوں سے طبی آلات اور دیگر ضروریات پوری کررہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو جلد از جلد صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس بلانا چاہیے تاکہ صوبے کے عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔
تازہ ترین