• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری برادری کو مالی تحفظ کی زیادہ ضرورت ہے، ڈاکٹر مرتضیٰ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کاروباری برادری اور عوام کو دیا جانے والا ریلیف قابل قدر ہے۔انشورنس انڈسٹری ملک کے مالیاتی نظام کا اہم حصہ ہے جسے موجودہ بحران میں عوام اور کاروباری برادری کے مسائل اور نقصانات کم کرنے کی اجازت دی جائےبیان میں انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو کرونا وائرس کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جنہیں ان حالات میں مالی تحفظ کی زیادہ ضرورت ہے۔انشورنس سیکٹر بند ہونے کی وجہ سے بینکوں کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اس لئے اسے ضروری سروس قرار دیتے ہوئے کام جاری کرنے کی اجازت دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے جس طرح بینکوں کے علاوہ پاکستان سٹاک ایکسچینج، پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی، نیشنل کلئیرنگ کمپنی آف پاکستان اور دیگر اہم اداروں کو آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دی ہے اسی طرح انشورنس سیکٹر کو بھی اجازت دی جائے۔انھوں نے کہا کہ حکومت انشورنس سیکٹر کو نئی پراڈکٹس اور سروسز متعارف کروانے کی ہدایت کرے جس میں کرونا وائرس ،وبائوں اور لاک ڈائون کی صورت میں عوام اور کاروباری برادری کے مالی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے کیونکہ اس وقت ایسا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ بعض ادارے موجودہ صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں جنھیں روکا جائے جبکہ چھوٹا کاروبار کرنے والوں کا بلا سود قرضے دئیے جائیں کیونکہ انھیں ایسے وقت میں کرایہ، تنخواہیں اور بل ادا کر نا پڑ رہے ہیں جبکہ انکا کاروبار بند اور آمدنی صفر ہے۔کاروباری برادری نئی صورتحال اور صارفین کے بدلتے ہوئے رویہ کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کریں ورنہ انکے دیوالیہ پن کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
تازہ ترین