• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تدفین کے دوران کورونا وائرس کی خلاف ورزی پرپولیس طلب

لندن (پی اے) ہفتہ کو ویسٹ مڈلینڈز کے علاقے میں اسٹریٹلی تدفین کی سروس میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے لاک ڈائون کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 60 افراد کی شرکت پر پولیس طلب کرلی گئی، لوکل ڈیموکریسی رپورٹنگ سروس کا کہنا ہے کہ ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے بتایا کہ لوگوں کو منتشر ہونے کیلئے کہا گیا لیکن لوگ منتشر نہیں ہوئے تاہم لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ والسال کونسل کا کہنا ہے کہ اب قبرستان کے مین گیٹس بند کردیئے گئے ہیں اور وہ بند رہیں گے اور صرف وہی سوگوار قبرستان جاسکیں گے، جنھیں اس کی اجازت دی جائے گی۔ اتھارٹی نے حکومت کی ہدایت کے مطابق تدفین میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 10 تک محدود کردی ہے۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے چیف سپرنٹنڈنٹ اینڈی پارسنز کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ہم سوگواروں کو پابندیوں پر عمل کرنے پر رضامند نہیں کرسکے اور حکومت کی ہدایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تدفین کا عمل جاری رہا، ہم سوگواروں کیلئے اس انتہائی مشکل وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہیں لیکن لوگوں کو کورونا وائرس کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے تدفین کے موقع پر اس میں شامل ہونے کیلئے تعداد محدود کردی گئی، ہم انتہائی آخری چارہ کار کے طورپر ہی قانون پر عمل کرانے پر مجبور ہوتے ہیں لیکن ہمیں یہ سمجھنا چاہئے کہ یہ پابندیاں اس وبا سے مزید ہلاکتوں کو روکنے کیلئے لگائی گئی ہے۔ کونسل کی کمیونٹی، تفریح اور ثقافت سے متعلق کونسل کے ذمہ دار گیری پیری کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے سے قبرستان کے گیٹ پر چوکیدار موجود رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ان پابندیوں کی وجہ سے ہونے والی تکالیف کا احساس ہے، تاہم ہدایات واضح ہیں، وائرس کو شکست دینے کیلئے سماجی رابطے کو کم کرنا ضروری ہے اور ضروری ہے کہ ہم گھروں میں رہیں اور لوگوں کی جانیں بچائیں۔
تازہ ترین