• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رپورٹ خود جاری کرائی، مزید کارروائی 25 اپریل کے بعد ہوگی، وزیر اعظم عمران خان

رپورٹ خود جاری کرائی، مزید کارروائی 25 اپریل کے بعد ہوگی، وزیر اعظم


اسلام آباد (ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے کچھی کینال منصوبے کی تحقیقات نیب کے سپرد کرنے کی منظوری دیدی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور پنجاب کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ ان کی ہدایت پرآٹاچینی بحران کی رپورٹ جاری کی گئی‘مزیدکارروائی 25اپریل کے بعد ہوگی ۔

عوام کو مافیا سے نجات دلانے کیلئے اقتدار میں آیاہوں ‘ہمارے فیصلے خود بولیں گے ‘عمران خان نے چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ عمل دہرایا گیا تو سخت اقدام کیا جائیگا‘انصاف کی راہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔

کابینہ نے 9نکاتی ایجنڈے پر غور کیا ۔ نادرا اور عالمی تنظیموں کے ساتھ نظام کی تنصیب کے لئے معاہدے اور عابد لودھی کو سی ای او سینٹرل پاور ایجنسی کرنے کے معاملے کو آئندہ کے اجلاس تک موخر کر دیا گیا جبکہ کابینہ نے کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے ۔

وفاقی کابینہ نے یونیورسل سروس فنڈ میں 62اضلاع کو شامل کرنے کے معاملے پر غور کیا ‘ کابینہ کو بتایا گیا کہ یہ وائس اور ڈیٹا سروس معیار میں بہتری اور براڈ بینڈ ٹیکنالوجی کی طرف مثبت قدم ہے ‘چاروں صوبوں کے دور دراز کے علاقوں جہاں ڈیٹا سروس نہیں تھی وہاں پر اب یہ سہولیات میسر ہونگی ‘ کابینہ نے اس معاملے کی بھی منظوری دیدی ۔

وزارت داخلہ کی سفارش کی روشنی میں مجاز سرکاری افسروں ایک ممنوعہ اور تین غیر ممنوعہ بور کے لائسنسوں کے اجراءکی بھی منظوری دی گئی ۔کابینہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو اور ٹاسک فورس کی جانب سے بحالی اور ڈھانچہ کی تشکیل نو کے حوالے سے تجاویزبھی منظور کرلیں ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی اصلاحات کیلئے بنائی گئی ٹاسک فورس کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔

ان سفارشات کے تحت املاک کے مثبت استعمال بالخصوص صحت ‘تعلیم اور ہاؤسنگ کے شعبے کے لئے استعمال کرنے کے لئے قوانین میں ترامیم کی منظوری دی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ کابینہ ہو یا میری انتظامی ٹیم، بہتری کے لیے ہر قدم اٹھایا جائیگا‘ ذمے داروں کو سخت سزا دینے کا عوام سے وعدہ کررکھا ہے۔آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ آنے پر مزید ایکشن ہوگا۔

جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت کارروائی ہوگی‘ انہوں نے کہاکہ میری ہدایت پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جاری کی گئی، عوام سے رپورٹ پبلک کرنے کا وعدہ پورا کر دیا۔عوام کو مافیاسے نجات دلانے کیلئے اقتدار میں آیا ہوں ، فیصلے خودبولیں گے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دی گئی ہیں جس پر وزیراعظم نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ عناصر کو خبردار کیا ہے کہ اگریہ عمل دہرایا گیا تو سخت اقدام کیا جائیگا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ انصاف کی راہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے بھی 2014 اور 2018 میں اومنی گروپ کی شوگر ملز کو سبسڈی دی ، وزیراعظم 25 اپریل کو کمیشن کی حتمی رپورٹ کی روشنی میں مزید ایکشن لیں گے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ 2017 میں شوگر ملز مالکان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان سے بھی سبسڈی منظور کرائی۔معاون خصوصی نے بتایا کہ معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے چینی بحران کی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ شوگر ملز نے اضافی ذخائر کی وجہ سے گنا خریدنے سے انکار کیا، وزیراعظم نے رپورٹ کی روشنی میں کاشت کاروں کے مسائل کے حل کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین