• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹروں کی وارننگ پر سندھ میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ

ڈاکٹروں کی وارننگ پر سندھ میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ


کراچی (اسٹاف رپورٹر) نجی اسپتالوں کے مالکان اور چیف ایگزیکٹو افسران اور ملک کے سرکردہ ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کی اپیل کی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کو آسان یا نرم نہ کریں کیونکہ اگر لاک ڈاؤن واپس لیا گیا تو یہ وائرس جنگل کی آگ کی طرح پھیل جائیگا۔ ڈاکٹروں کی جانب سے وارننگ کے بعد صوبائی حکومت نے سند ھ میں لاک ڈائون مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مجھے ابتدائی 7 روز والا لاک ڈاؤن چاہیے اور بلا ضرورت کسی کو کہیں جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملک کے نجی اسپتال کے مالکان / سی ای اوز اور ممتاز ڈاکٹروں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران یہ اپیل کی گئی۔

اجلاس میں انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری، ای او سی کوآرڈی نیٹر ریحان بلوچ، ضیاءالدین اسپتال کے ڈاکٹر عاصم حسین، اے او کلینک کے ڈاکٹر سید جنید شاہ، ساؤتھ سٹی اسپتال کی ڈاکٹر سعدیہ ورک، این ایم سی کے عمر جنگ، ڈاکٹر بلال فیض سی ای او کریک جنرل اسپتال، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبد اللہ سی ای او عیسیٰ لیبارٹری، طاہر میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹر طاہر یوسف، سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن کے منہاج قدوائی، ایس ایچ سی سی کے جواد امین خان، امام کلینک کے ڈاکٹر علی امام، دارالصحت کے علی فرحان، ایل این ایچ کے ڈاکٹر سلمان فریدی، انکل سریا اسپتال کے زرکیس انکل سریا، میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے بریگیڈیئر ڈاکٹر وقار، پٹیل اسپتال کے ڈاکٹر مظہر نظام، اے کے یو کے کامران خان اور ڈاکٹر صادق انصاری و دیگر نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ وہ کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے انکی حمایت، تعاون اور رہنمائی چاہتے ہیں۔ اسی وجہ سے میں نے آپ کو یہاں مدعو کیا ہے۔

تمام ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ سندھ کی کاوشوں اور فوری اقدامات کو سراہا اور کہا کہ اگر وہ بروقت اقدامات نہ کرتے تو صورتحال قابو سے باہر ہوجاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی ایک بڑی آبادی کچی آبادیوں میں رہتی ہے۔اگر ہجوم کی اجازت دی گئی تو لوگ انفیکشن کا شکار ہوجائینگے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر اپنی کابینہ اور دیگر اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کرینگے۔ نجی اسپتالوں کے تمام سی ای اوز اور مالکان نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ جب بھی صوبائی حکومت کو ضرورت ہو گی تو وہ انہیں سازوسامان، افرادی قوت، تکنیکی اور ماہرانہ مدد فراہم کرینگے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں ڈاکٹر عاصم، ڈاکٹر سعدیہ اور دیگر صورتحال پر قابو پانے کیلئے منصوبہ بندی، ضروریات اور انتظامات کے حوالے سے کام کرینگے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ ہاؤس میں مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کے اہم ارکان کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں اور دکانوں پرعوام کے رش پربرہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لاک ڈاؤن پرمکمل عملدرآمد کرائیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارا ہیرو ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے خود جان کی بازی ہار گئے۔ ڈاکٹر عبدالقادر کا ٹیسٹ 28 مارچ کو مثبت آیا تھا اور 31 مارچ کو اسپتال داخل ہوئے اور 6 اپریل کو ڈاکٹر عبدالقادر سومروخالق حقیقی سے جا ملے۔

تازہ ترین