• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں تیاری بدترین صورتحال کی کرنی چاہئے، وزیر اعلیٰ سندھ


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تیاری ہمیں بدترین صورتحال کی کرنی چاہئے، ہمارے یہاں کیسز کا اضافہ کسی دوسرے ملک سے کم نہیں ، نمبرز کم اس لئے ہیں کیونکہ ہم ٹیسٹ کم کررہے ہیں، ہمارے پاس صلاحیت نہیں ،میں کافی پہلے سے کہہ رہا ہوں کہ سخت لاک ڈاؤن کرنا چاہئے، 12؍ یا 13؍ مارچ کو لاک ڈاؤن ہوجاتا تو صورت حال مختلف ہوتی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کیس ایک سے ایک ہزار ہونے میں 27دن لگے تھے جبکہ 2ہزار سے 4ہزار صرف دو دن میں ہوگئے، ہمیں بدترین صورتحال کی تیاری کرنی چاہئے، پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ کسی دوسرے ملک سے مختلف نہیں ہے، ہم کم ٹیسٹ کررہے ہیں اس وجہ سے ہمارے نمبرز کم آرہے ہیں، جرمنی میں ٹیسٹنگ کے نتیجے میں جتنے کیسز سامنے آئے وہ ہمارے برابر ہیں، اگر ہم جرمنی جتنے ٹیسٹ کرتے تو کیسز بہت زیادہ ہوتے، اسی لئے کہہ رہا ہوں کہ لاک ڈاؤن مزید سخت کرنا چاہئے، مراد علی شاہ نے کہا کہ جس طرح چاہتا ہوں اس طرح لاک ڈاؤن نہیں ہورہا ہے، جن علاقوں میں کورونا کیسز ملے وہاں پورے محلوں کا ٹیسٹ کرنا ہوگا، سندھ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر فیصلہ کرتی ہے، محکمہ صحت سندھ وفاقی حکومت سے رابطے میں ہے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قدم اٹھایا ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں بالکل بھی دباؤ میں نہیں ہوں، چاہتا ہوں کہ وفاقی حکومت لاک ڈاؤن کے معاملہ پر لیڈ لے، آج وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اپنی رائے دوں گا، اگر وفاقی حکومت میری رائے ٹھیک نہیں سمجھتی تو پھر سندھ میں لوگوں سے مشاورت سے فیصلہ کروں گا، کورونا وبا میں جلد سے جلد فیصلہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں لاک ڈاؤن پہلے ہی کردینا چاہئے تھا، لا ک ڈاؤن 13مارچ کو ہوجاتا تو آج والی پوزیشن نہیں ہوتی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں روزانہ 2200سے 2500ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے اسے 5ہزار تک لے جانا چاہتے ہیں،روزانہ 20ہزار ٹیسٹ کرنے کی جو بات کی گئی ہے اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں صرف تین ہزار ٹیسٹ ہوئے، نجی سیکٹر اسپتالوں کو ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھانے کی کوشش کرنے کیلئے کہا ہے، پرائیویٹ اسپتالوں نے حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے، محکمہ صحت نجی اسپتالوں کی صلاحیت استعمال کرنے کیلئے پلان بنارہا ہے، ان میں کچھ لوگوں نے مجھے لاک ڈاؤن میں توسیع کیلئے کہا لیکن میں نے کہا کہ یہ صرف میرے بس کی بات نہیں ہے۔

تازہ ترین