• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن حلقوں میں بیوروکریسی نے متوازی حکومت قائم کر دی، شکیلہ نوید

کوئٹہ( پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین کے حلقوں میں بیوروکریسی نے متوازی حکومت قائم کی ہے ۔ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بھی عوام کی عدالت میں مسترد ہونے والی حکمران جماعت کے افراد کو نوازاجارہا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسداد کورونا وائرس کیلئے حکومت کے اعلان کردہ لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ روزانہ کی اجر ت پر کام کرنے والے لوگ متاثر ہوئے ہیں جن کی داد رسی اور مالی معاونت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم حکومت نے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے بیورو کریسی کو تاکید کی ہے کہ آفت کی اس گھڑی میں بھی ریاستی مشینری کو حکمران جماعت کے لوگوں کے مفادات کے لیے بروئے کا رلاتے ہوئے ان کے ذریعے راشن اور امدادی سامان تقسیم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے حلقہ میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی بلاامتیاز معاونت کیلئے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر مستونگ سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے معذوری ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے فردکے کہنے پر راشن اور امدادی سامان تقسیم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے حالیہ بیان اور رویہ کیخلاف جلد پارٹی قیادت سے مشاورت کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ۔
تازہ ترین