• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکرم درانی کی عبوری ضمانت میں 12 مئی تک توسیع

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر اکرم درانی کے خلاف نیب انکوائریز میں عبوری ضمانت میں 12 مئی تک توسیع کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالتِ عالیہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اکرم درانی کی درخواستِ ضمانت فوری نمٹانے کی استدعا مسترد کر دی۔

ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے عدالت کو بتایا کہ اکرم درانی کے وارنٹِ گرفتاری واپس لے لیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ان سے استفسار کیا کہ وارنٹِ گرفتاری کیوں واپس لیے گئے؟

جہانزیب بھروانہ نے بتایا کہ نیب انکوائری افسر تبدیل کر کے سینئر افسر کو انکوائری سونپی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ وارنٹِ گرفتاری واپس لینے کے بعد عدالت ضمانت کی درخواست نمٹا دے۔

یہ بھی پڑھیئے: اکرم درانی کی ضمانت میں یکم جنوری تک توسیع

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ آپ نے غیر ضروری طور پر عدالت کو اس معاملے میں ملوث کرنے کی کوشش کی، اب ہم اس معاملے کی تہہ تک جائیں گے اور معاملہ زیرِ التواء رکھیں گے۔

چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ اب نئے افسر کو کام کر کے رپورٹ جمع کرانے دیں، اگر ہم سے بھی کوئی غلطی ہوئی ہے تو بتائیں، ہم احتساب سے نہیں گھبراتے۔

عدالتِ عالیہ نے نئے انکوائری افسر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین