• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا کل سے 144ارب تقسیم کرنے کا اعلان

وزیراعظم کا کل سے 144ارب تقسیم کرنے کا اعلان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کل سے 17 ہزار مقامات سے 12 ہزار فی کس کے حساب سے 144 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ عوام احتیاط کریں تو کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بڑے مسئلے سے بچ سکتے ہیں، جب لوگ جمع ہوں گے تو یہ بیماری بہت تیزی سے پھیلتی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اسد عمر، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، معاونین خصوصی عثمان ڈار اور ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہر ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ مختلف انداز کا ہے، پاکستان میں لوگ لاپرواہی کرنا شروع کردیتے ہیں، میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ خدا کا واسطہ ہے غلط فہمی میں نہ پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ جنہیں بیماری لگتی ہے، ان میں سے 85 لوگوں کو خاص فرق نہیں پڑےگا، وہ اسپتال جائے بغیر بھی ٹھیک ہوجائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ 4 سے5 فیصد افراد کو صرف اسپتالوں میں جانےکی ضرورت ہوتی ہے، ہر 100میں سےایک یا دو افراد اس بیماری سے مرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی نوجوان کو بیماری لگی تو اس کے گھر میں موجود بزرگوں کو خطرہ ہوسکتا ہے، اپریل کے آخر تک کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جس طرح سے کورونا بڑھتا جارہا ہے، اسپتال میں لوگوں کی تعداد بڑھ جائیگی، ایسا ہوا تو ہمارے پاس اتنے وینٹی لیٹرز نہیں ہیں کہ علاج ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ تین ہفتے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا، لاک ڈاؤن کے پیش نظر اسکول، فیکٹریاں اور دکانیں بند کیں، پاکستان میں 5 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، جب ہم لاک ڈاؤن کرینگے تو غریب ترین طبقے پر کیا اثرات پڑیں گے؟

تازہ ترین