• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت صنعتوں کو تباہی سے بچانے کیلئے ایس اوپیز مرتب کرے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) حکومت سے صنعتوں کو تباہی سے بچانے کے لیے ایس اوپیز جلد مرتب کرے تاکہ صنعتوں کو کھولنے کی راہ ہموار ہو سکے ،سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاؤلہ نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ صنعتوں کی بندش کے بجائے کورونا وائر س سے بچاؤ کے لیے ایس او پیزکوجلد ازجلدحتمی شکل دی جائے کیونکہ فیکٹریوں کی بندش کی وجہ سے صنعتکاروں کوشدید مالی بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث امریکا سمیت یورپی ممالک میں لاک ڈاؤن کے نتیجے میں برآمدی آرڈرز منسوخ ہونے اور غیر ملکی خریداروں کی جانب سے پرانے آرڈرز کی ڈلیوری فی الحال مؤخر کرنا ہے۔سلیمان چاؤلہ نے ایک بیان میں کہا کہ صنعتکاربرادری نے ہر مشکل وقت میں حکومت وقت کا ساتھ دیا اور اب بھی کروناوائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کے باوجود ایک بار پھر حکومت کو اپنا تعاون پیش کیا اور لاک ڈاؤن کی پابندی کرتے ہوئے خطیر مالی نقصان کی پرواہ کیے بغیرصنعتوں کو تالے لگائے اور ورکرز کو گھر بیٹھے تنخواہیں ادا کیں تاکہ کرونا کے پھیلاؤکو روکنے کی حکومتی کوششوں کو مؤثر بنایا جاسکے لیکن سوال یہ ہے کہ صنعتکار کب تک اپنی فیکٹریوں کو تالے لگا کر رکھیں کیونکہ اگر خدانخواستہ کروناسے صورتحال مزید سنگین ہوئی تو صنعتیں تباہ ہوجائیں گی اور نہ سنبھلنے والا معاشی بحران پیدا ہوگا لہٰذا حکومت ایسی حکمت عملی اختیار کرے جس سے صنعتوں کا پہیہ گھومتا رہے اور لوگوں کو روزگار سے بھی ہاتھ نہ دھونا پڑے۔انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس اوپیزکو جلد ازجلد حتمی شکل دی جائے تاکی احتیاطی تدابیر اختیار کرکے صنعتوں میں پیداواری سرگرمیاں بحال کرنے کی راہ ہموار ہو سکے اور ورکرز کے روزگار کو تحفظ دیاجاسکے بصورت دیگربے روزگاری کا سیلاب آجائے گا اور ملکی برآمدات پر اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

تازہ ترین