کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے صدر آغا شہاب احمد خان نے سرکاری حکم کے خلاف ورزی کرنے اور فیکٹری کھولنے کے الزام میں ٹیکسٹائل مل کے مالک اور عملے کی گرفتاری، پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی معزز صنعتکار کو گرفتار کرنا غیر دانشمندانہ اقدام ہے لہٰذا اگر کوئی بھی صنعتکار حکومت کے حکم کی خلاف ورزی کرے تو گرفتاری یا صنعتوں پر چھاپے مارنے کے بجائے کے سی سی آئی سمیت متعلقہ صنعتی زون کی ایسوسی ایشن کے علم میں اسے مسئلے کو لانا چاہیے تاکہ خوش اسلوبی سے بات چیت کے ذریعے اس کا حل نکالا جاسکے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ صنعتکار برادری پہلے ہی مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور ان کے لیے اپنی بقا قائم رکھنا دشوار ہو گیا ہے لہٰذا حکومت کو ان کی پریشانیوں میں اضافہ کرنے سے گریز کرنا چاہیےکے سی سی آئی کے صدر نے 4اپریل2020کو وزیراعلیٰ سندھ کے تاجروصنعتکار برادری کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والے اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اس کے بعد ایک کمیٹی تشکیل دی جس کو صنعتوں کے لیے ایس او پیز بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی لیکن اس کمیٹی کا کیا ہوا ؟ کیونکہ تاجروصنعتکار برادری کو اب تک کوئی ردعمل اور ایس او پیز موصول نہیں ہوئے۔