• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پاکستانی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ ہوں گے، پلان بھیج دیا گیا

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پاکستانی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ ہوں گے، پلان بھیج دیا گیا


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسے وقت میں جب کہ ملک بھر میں کورونا وائر س کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے اور کھلاڑی گھروں میں زیادہ وقت گذار رہے ہیں۔ پی سی بی نے رمضان سے قبل اپنے سینٹرل کنٹریکٹ والے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹرینر یاسر ملک براہ راست ان ٹیسٹ کی نگرانی کریں گے۔ پی سی بی ترجمان نے بدھ کو تصدیق کی کہ یہ ٹیسٹ20 اور 21اپر یل کو ہوں گے۔ ٹیسٹ کیلئے پلان مرحلہ وار ترتیب دیا گیا ہے، جس میں ویڈیو لنک پر ان کی فٹنس کو پرکھا جائے گا۔ مصباح الحق پہلے ہی تمام کرکٹرز کو ہدایت کرچکے ہیں کہ اپنی فٹنس کے معاملے میں تساہل نہ برتیں۔ ان حالات میں بھی ہرممکن طریقے سے اپنی فٹنس پر فوکس رکھیں تاکہ جیسے ہی صورت حال بہتر ہو اور کرکٹ سرگرمیاں بحال ہوں، سب لڑکے میدان میں اترنے کے لیے تیار ہوں۔ مصباح الحق میڈیا سے بات چیت میں اس بات کا اشارہ بھی دے چکے ہیں کہ وہ روزانہ پونے دو گھنٹے ٹریننگ کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ وہ خود بھی کھلاڑیوں کے ساتھ فٹنس ٹیسٹ دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان میں عام لوگ روزہ رکھ کر سونے کو ترجیح دیتے ہیں اور افطار میں ہر گھر کا دستر خوان وسیع ہوتا ہے اس لئے رمضان سے قبل ہر کھلاڑی کی فٹنس کو چیک کیا جائے گا جبکہ مبارک مہینے کے بعد دوبارہ ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا۔ پی سی بی ہر کھلاڑی کو ڈائٹ پلان بھی دیا ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کے لئے آسٹریلیا سے جدید ڈیجیٹل گھڑیاں منگوائی ہیں۔ ہر کھلاڑی کی فٹنس اور روز مرہ کی سرگرمیوں کو اس گھڑی کے ذریعے مانیٹر کیا جارہا ہے۔اس گھڑی کے ذریعے کھلاڑی کی ہارٹ بیٹ ،کیلوریز ، ورک لوڈ اور پورا ڈیٹا پی سی بی کے پاس کمپیوٹر میں محفوظ ہوجاتا ہے۔ پاکستان ٹیم اور ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 23 اور 24 مارچ کو ہونا تھے لیکن کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیے گئے۔ اب موجودہ حالات کے پیش نظر نیا پلان تر تیب دیا گیا ہے۔ تمام کرکٹرز کو بھجوا دی گئی ہیں۔ اس پلان کی ویڈیوز بھی کھلاڑیوں کو بھجوائی جائیں گی تاکہ تمام کرکٹرز اس پلان کے مطابق تیاری کر سکیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ڈومیسٹک ٹیموں کے کرکٹرزکے فٹنس ٹیسٹ 20 اپریل کو ہوں گے جب کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کو اپنی ٹیموں کے ٹرینرز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پانچویں فٹنس ٹیسٹنگ کے بعد چھٹی فٹنس ٹیسٹنگ جون میں ہوگی، اس میں جم اسکن فولڈ اور ایک کلو میٹر کی رننگ بھی شامل ہوگی۔

تازہ ترین