• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، ایل این جی دس کی جگہ صرف 3 شپ منگوائے جائینگے

اسلام آباد (حنیف خالد) کورونا وائرس نے پاکستان کی معیشت کو ناقابل یقین نقصان پہنچایا ہے۔ وزارت پٹرولیم کی طرف سے ملک بھر کی پانچوں ریفائنریوں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ بیرون ملک سے تیل کی درآمد روک دیں اور ایل این جی 10بحری جہازوں کی بجائے صرف 3بحری جہاز منگوایا کریں کیونکہ ملک کے اندر نہ تو سردی ہے نہ ہی سی این جی کی مانگ ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک کے اندر لاک ڈائون کی وجہ سے موٹر گیسولین کا استعمال بیحد کم ہو گیا ہے۔ صوبائی حکومتوں میں کورونا وائرس COVID-19آئوٹ آف کنٹرول ہونے کی وجہ سے موٹر گیسولین کا استعمال بیحد کم ہو گیا ہے۔ پی آئی اے سمیت غیرملکی پروازیں آنا بند ہو گئی ہیں اسلئے اُن کیلئے بھی جیٹ فیول کی ضرورت نہیں رہی۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے استدعا کی گئی ہے کہ انہوں نے پٹرولیم کی درآمد کے جو پلان بنائے ہوئے تھے ان کو اپریل 2020ء کے بعد کینسل کر دیں اور اپنی ضرورت کی پٹرولیم مصنوعات ملک کی پانچ آئل ریفائنریوں سے پوری کریں۔ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کمرشل ایگریمنٹ لوکل ریفائنریوں کے ساتھ اپ ڈیٹ کریں۔ ریفائنریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی اس حوالے سے مدد کریں۔ ملک کے اندر آئل و گیس کی تلاش اور پیداوار کرنے والی کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کروڈ امپورٹ کے آرڈر کینسل کریں۔

تازہ ترین