• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کیخلاف کیس کو معطل کر کے انہیں رہا کیا جائے، فیصل ایدھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سماجی رہنما فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ معمولی نوعیت کے کیسز کو اہمیت اور ان کو بڑھا چڑھا کر بنانے اور بیان کرنے سے ملک کی دنیا بھر میں بدنامی ہورہی ہے، میرشکیل الرحمان کے خلاف قائم کیس کو معطل کرکے انہیں رہا کیا جائے اور ساری توجہ کرونا وائرس جیسے موذی مرض کے خاتمے پر دی جانی چاہئے تاکہ ہمارا پیارا پاکستان اور اس کے تمام لوگ اس سے نجات پاسکیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ایشو کرونا وائرس ہے جس نے پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑھ دیئے ہم سب کو ایک پاکستانی بن کر اس موذی مرض سے نجات اور اس سے بچائوکیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنی چاہئے ناکہ چھوٹے موٹے اور معمولی کیسز کو ایک ایشو بنا کر ملک اور قوم کا وقت ضائع کیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ پریشان ہیں، بیشتر ممالک آپس کے جھگڑوں اور معاملات کو یکسر بھول کر اور تمام چیزوں کو ایک طرف کرکے اس مرض کے خلاف صف آراء ہیں اوراس سے بچائو کیلئے مسلسل حکمت عملی طے کررہے ہیں۔ 

میڈیا کو آزاد رہنے دیا جائے اس پر پابندیاں لگانے اور اس طرح کے اقدامات کرنے سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے۔ ہمارا ملک آزاد ملک ہے اور اس میں آزادی اظہاراور اس کی رائے کیلئے پابندیاں نہیں ہونی چاہئیں۔ 

جنگ اور جیو ملک کا بڑا میڈیا گروپ ہے ۔میرشکیل الرحمن کے خلاف کیس کو اس وقت معطل کیا جائےاور انہیں رہا کرکے یہ کیس کسی اور بہتر وقت اور اچھے حالات میں طے کیا جائے۔

تازہ ترین