• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے پھیلاؤ کے وقت عالمی ادارہ صحت کی توجہ چین پر مرکوز تھی، ٹرمپ، فنڈز روکنے کی دھمکی

کورونا کے پھیلاؤ کے وقت عالمی ادارہ صحت کی توجہ چین پر مرکوز تھی،ٹرمپ


کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے وقت اس ادارے کی تمام تر توجہ چین کی جانب تھی اور اس نے ʼبے کار ہدایات جاری کیں۔

وائٹ ہاؤس میں منگل کو پریس بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کے لیے امریکی امداد روکنے کی دھمکی بھی دی ۔ڈبلیو ایچ او نے امریکی صدر کےالزام کو مستر دکرتے ہوئے کہا کہ ʼعالمی وبا کے اہم ترین مرحلے میں یہ مالی مدد روکنے کا وقت نہیں ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس جیسے خطرناک دشمن سے لڑنے کیلئے چین اور امریکا مل کر کام کریں ، انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری متحد نہ ہوئے تو پھر میتوں کیلئے مزید بیگز تیار کرنے پڑیں گے۔

امریکا، ڈبلیو ایچ او کی مالی معاونت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس نے کورونا وائرس کے دوران بُرا مشورہ دیا۔

ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بھی کہا کہ حقیقت میں عالمی ادارۂ صحت نے امریکا کو نقصان پہنچایا ہے۔ امریکا بھاری رقم کی صورت میں ڈبلیو ایچ او کو امداد دیتا ہے لیکن اس کی تمام تر توجہ چین کی جانب ہے۔ ہم اس معاملے کو درست انداز میں دیکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوش قسمتی ہے کہ انہوں نے چین کے لیے سرحدیں کھولنے کی عالمی ادارہ صحت کی تجویز مسترد کر دی تھی۔ ڈبلیو ایچ او نے یہ غلط سفارش کیوں کی تھی؟ 

امریکا نے ڈبلیو ایچ او کو 2019 میں 40 کروڑ ڈالر کی مالی اعانت فراہم کی تھی، جو دوسرے بڑے رکن ملک کی مالی مدد سے تقریباً دوگنا تھی۔دوسری جانب چین کی جانب سے 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی مالی مدد فراہم کی گئی تھی۔

تازہ ترین