• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے میں ناکام، اسٹاک ایکسچینج میں مندی

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے یورپی یونین میں اتفاق رائے نہ ہونے پر بدھ کو یورپی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے کو ملا۔ یورپی ممالک کے وزرائے خزانہ کا اجلاس بدھ کو ہوا جس میں معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر غور کیا گیا تاہم کوئی اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ پین یوروپین اسٹوکس 600؍ میں ایک فیصد گراوٹ دیکھنے کو ملی جس کے بعد 19؍ رکنی وزرائے خزانہ کے گروپ کے سربراہ ماریو سینتینو نے اجلاس جمعرات تک کیلئے ملتوی کر دیا۔ لندن ایف ٹی ایس ای میں 1.6؍ فیصد جبکہ جرمنی کے ڈی اے ایکس اسٹاکس میں 1.1؍ فیصد گراوٹ ہوئی۔ فرانس کے سی اے سی 40؍ میں دو فیصد گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ وائرس کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کیلئے یورپی ممالک ’’یورپین اسٹیبلٹی میکنزم (یورپی استحکام کا میکنزم) مرتب کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ قرضوں کے بحران اور ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ نیدرلینڈز، سمیت کچھ ممالک قرضوں کے حوالے سے شرائط عائد کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم، اٹلی اور اسپین جیسے ممالک، نئی فنڈنگ کے حصول پر کوئی شرائط نہیں چاہتے۔ یورپی رہنما قرضوں کے حوالے سے نیا میکنزم بنانے کے معاملے پر بھی متفق نظر نہیں آتے۔ اٹلی، فرانس، اسپین، آئرلینڈ، لکسمبرگ قرضوں کے حوالے سے مشترکہ بیانیہ اختیار کیے ہوئے ہیں جبکہ اب تک اس خیال کی مخالفت کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین